Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دوسری بار کورونا خلاف ورزی پر جرمانہ ڈبل‘

خلاف ورزی پر ابشر کے ذریعے ایک ماہ کے دوران اپیل کی جاسکتی ہے (فوٹو: البلاد)
وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے مقررہ ضوابط پر عمل نہ کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی دوبارہ ریکارڈ ہونے کی صورت میں جرمانہ ڈبل کردیا جائے گا۔ 
ویب نیوز سبق نے وزارت داخلہ کے ٹویٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے لازمی ہے کہ گھروں سے باہر جاتے وقت منہ اور ناک کو رومال سے اچھی طرح ڈھانپ لیا جائے یا ماسک استعمال کیا جائے۔ 
ماسک استعمال نہ کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ وزارت داخلہ نے اس حوالے سے خبردار کیا ہے کہ کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے دوسری بار خلاف ورزی درج ہونے پر جرمانہ ڈبل کردیا جائے گا۔ 

تجارتی مراکز میں زیادہ افراد کا ہونا خلاف ورزی ہے- (فوٹو: ایس پی اے)

واضح رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مختلف ضوابط جاری کیے گئے ہیں جن میں سب سے اہم ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے پر عمل کرنا شامل ہے۔ 
ماسک کا استعمال نہ کرنا انفرادی خلاف ورزی شمار ہوتا ہے جبکہ مارکیٹس یا تجارتی مراکز میں زیادہ افراد کا بیک وقت ہونا ادارے کی جانب سے خلاف ورزی شمار کیا جاتا ہے۔ 
بیک وقت 50 لوگوں کا بھی ایک مقام پر جمع ہونا کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی میں شمار ہوتا ہے، جبکہ تجارتی اداروں میں سینیٹائزر اور جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا انتظام نہ ہونا بھی خلاف ورزی شمار کیا جاتا ہے۔ 

درجہ حرارت نوٹ کرنے کا انتظام نہ ہونا بھی خلاف ورزی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

یاد رہے ماسک خلاف ورزی پر تفتیشی اہلکاروں کی جانب سے خلاف ورزی کے مرتکب کی تصویر بنا کر اسکے اقامہ یا شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ سسٹم میں فیڈ کردیا جاتا ہے۔ 
خلاف ورزی کا ریکارڈ سسٹم میں محفوظ رہتا ہے جیسے ہی دوسری بار خلاف ورزی ریکارڈ کی جاتی ہے جرمانے کی رقم خودکار طریقے سے ڈبل ہو جاتی ہے۔ 
اگر کوئی شخص یہ سمجھتا ہے کہ اس پر عائد کی جانے والی خلاف ورزی غلط ہے تو وہ اس حوالے سے ’ابشر‘ اکاؤنٹ پر خلاف ورزی کو چیلنج کرسکتا ہے۔  
خلاف ورزی درج ہونے کے ایک ماہ کے اندر اس بارے میں اپیل دائر کی جاسکتی ہے۔ مقررہ مدت گزرنے کے بعد کیس سیز کردیا جاتا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: