Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں فرانسیسی ہوں‘، برطانوی وزیراعظم کے والد کی فرانس کی شہریت کے لیے درخواست

سٹینلے جانسن کا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ یورپی ہی رہوں گا (فوٹو: اے ایف پی)
بریگزٹ معاہدہ طے پانے کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے والد فرانس کی شہریت کے لیے درخواست دے رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن کے والد سٹینلے جانسن نے بتایا کہ بریگزٹ کے بعد یورپی یونین کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کی غرض سے وہ فرانس کا پاسپورٹ حاصل کرنے کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔
وزیراعظم بورس جانسن کے 80 سالہ والد سٹینلے جانسن یورپی پارلیمان کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
سٹینلے جانسن نے فرانس کے آر ٹی ایل ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فرانس سے مضبوط خاندانی تعلقات ہونے کے باعث وہ فرانس کے شہری بننا چاہتے ہیں۔
انہوں نے فرانسیسی زبان میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرانسیسی ہیں اور ان کی والدہ بھی مکمکل طور پر فرانسیسی تھیں۔
فرانس کی شہریت لینے کے حوالے سے سٹینلے جانسن کا کہنا تھا کہ وہ اس اقدام سے دوبارہ اس چیز کا دعویٰ کر رہے ہیں جو ویسے ہی ان کی تھی۔
’میں ہمیشہ یورپی ہی رہوں گا۔ کوئی برطانیہ کے لوگوں کو یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ یورپی نہیں ہیں۔‘
سٹینلے جانسن کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے ساتھ تعلقات قائم رکھنا انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم بورس جانسن نے ہمیشہ برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ہی بیان دیا ہے۔
بورس جانسن کا خیال ہے کہ برطانیہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد زیادہ شدت سے ترقی کر سکتا ہے۔
حال ہی میں برطانوی پارلیمان نے بریگزٹ معاہدے کے بعد یورپی یونین کے ساتھ نئے تجارتی معاہدے کی منظوری دی ہے۔

شیئر: