Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی کی چھت کھول دی گئی

فجر، مغرب اورعشا میں مسجد کی چھت کھولی جائے گی۔ (فوٹو: حرمین جنرل پریذیڈنسی)
مسجد نبوی کے صحن کی چھت آج جمعرات سے نمازیوں کی سہولت کے لیے کھول دی گئی۔ نماز فجر، مغرب اور عشا کے اوقات میں مسجد نبوی کے صحن کی چھت پر بھی جایا جاسکتا ہے۔ 
ادارہ امور مسجد النبوی کی جانب سے اس حوالے سے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ مسجد نبوی کے صحنوں کی چھت نمازیوں کی تعداد کے پیش نظر کھولی گئی ہے تاہم کورونا کے حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر بھی اختیار کیے گئے ہیں تاکہ وہاں آنے والے سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھیں۔ 
ٹوئٹر پر مزید کہا گیا ہے کہ ادارے کی انتظامیہ کی جانب سے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا سب کا فرض ہے۔  
انتظامیہ نے مسجد النبوی کے دروازوں پر جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کے لیے ڈیجیٹل تھرما میٹرز بھی نصب کیے ہیں- علاوہ ازیں وہاں آنے والوں کی سہولت کے لیے خصوصی ڈیجیٹل سکرینز بھی لگائی گئی ہیں جہاں مختلف زبانوں میں اہم ہدایات سے زائرین کو مطلع کیا جاتا ہے۔ 
واضح رہے مسجد النبوی کی ایکسٹینشن کے صحنوں کی چھت پر بھی ہزاروں کی تعداد میں نمازیوں کے لیے گنجائش موجود ہے جہاں صفیں بھی بچھائی جاتی ہیں۔ کورونا کی وبا کے دوران احتیاطی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجد کی چھت بند کردی گئی تھی۔ 
موجودہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرتے ہوئے لوگوں کے درمیان ڈیڑھ سے دو میٹر کا فاصلہ رکھ کرصف بندی کی جاتی ہے۔ مسجد کی چھت کھولنے سے لوگوں کو کافی سہولت ہو گی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: