Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر سورو گنگولی کو دل کا دورہ، ہسپتال میں داخل

گانگولی کو سینے میں بے چینی کے بعد ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گانگولی کو دل کا دورہ پڑا ہے اور انھیں کولکتہ کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے ایک ٹویٹ میں ان کی دل کے دورے کی خبر پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد صحت یابی اور ان کے خاندان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گنگولی کو سینے میں بے چینی کے بعد ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنیچر کو معمول کی ورزش کے بعد گنگولی نے سر چکرانے کی شکایت کی اور انھیں فوراً ہی وڈلینڈ ہسپتال لے جایا گيا جہاں یہ بتایا گیا کہ انھیں ’مائلڈ کارڈیک اریسٹ‘ ہوا ہے۔
اس تشخیص کے بعد اب ان کی اینجیوپلاسٹی ہونی ہے، اس کے ساتھ ہی دوسری طبی جانچ بھی کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر گنگولی کی جلد صحت یابی کی دعا کی جا رہی ہے۔ ان کے ساتھی اور انڈیا کے سابق اوپنر وریندر سہواگ نے لکھا کہ ’دادا جلدی سے ٹھیک ہونے کا۔ آپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘
اسی طرح کی ٹویٹ انڈیا کے موجودہ کپتان وراٹ کوہلی نے بھی کی ہے۔
سورو گنگولی نے 113 ٹیسٹ میچز میں سات ہزار سے زیادہ رنز بنائے جبکہ 311 ون ڈے انٹرنیشنل میں 11 ہزار سے زیادہ رنز سکور کیے۔ گنگولی کو بے خوف کرکٹر کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنھوں نے انڈیا کو جیت کی راہ پر گامزن کیا اور بڑی قوت کے طور پر ابھارا۔

شیئر: