Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فخر زمان کو پاکستان نیوی کا اعزازی لیفٹیننٹ بنا دیا گیا

پاکستانی کرکٹر فخر زمان کو پاک بحریہ میں لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کیا گیا ہے۔
پاکستان نیوی کے ترجمان کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں فخر زمان کو لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کیا۔ فخر زمان کو یہ اعزازی رینک کرکٹ کے میدان میں شاندار کارکردگی اور پاک بحریہ سے ان کی وابستگی کی بنا پر دیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق فخر زمان نے 2007 میں بطور سیلر پاک بحریہ کی آپریشن برانچ میں شمولیت اختیار کی۔ اپنے کیریئر کے دوران فخر زمان نے کرکٹ کے میدان میں پاک بحریہ کیلٸے متعدد اعزازات حاصل کیے۔
2012 میں آسٹریلیا میں منعقدہ انٹرنیشنل ڈیفنس کرکٹ چیلنج کپ میں فخر زمان نے پاک بحریہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
اس سے قبل فخر زمان کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی جانب سے سندِ تحسین سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے فخر زمان بین الاقوامی کرکٹ میں بھی اب تک متعدد ریکارڈز بنا چکے ہیں۔
قبل ازیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اعزازی لیفٹیننٹ فخر زمان کو پاکستان کرکٹ کے لیے اعزازات حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

فخر زمان نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ بھی نیوی کی نمائندگی کرتے ہوئے کھیلا تھا (فوٹو: پاک نیوی)

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ اسکواش، سیلنگ، ہاکی، فٹ بال سمیت متعدد کھیلوں کے فروغ میں معاونت فراہم کررہی ہے اور کئی کھلاڑی پیدا کرچکی ہے۔ جنھوں نے پاکستان کے لیے اعزازات حاصل کیے ہیں۔  
فخرزمان کو اعزازی لیفٹیننٹ بنانے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے فخر زمان اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ تقریب میں عسکری و سول حکام اور پی سی بی کے عہدیداران کے علاوہ سابق کرکٹرز اور فخر زمان کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔

شیئر: