Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے ساتھ مل کر فلمیں اور ڈرامے بنانا چاہتے ہیں: شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی دوستی واجبی نہیں ہے بلکہ ہمیشہ قائم رہے گی۔
وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستانی حکومت چاہتی ہے کہ دونوں ممالک ایک ہی ثقافتی اساس کی بنیاد پر مشترکہ فلم اور ڈرامہ پروڈکشن پر کام کریں۔
اردو نیوز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ تاریخی، روحانی اور برادرانہ ہے اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے دورے سے تعلقات مزید آگے بڑھیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملکوں کے تعلقات میں اونچ نیچ تو ہوتی رہتی ہے مگر بنیاد مضبوط ہونی چاہیے۔ ہماری بنیاد مضبوط ہے اور سعودی عرب ہر مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے۔‘
شبلی فراز نے کہا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں کبھی ہمیں واجبی دوستی کا احساس نہیں رہا۔ یہ بڑی گہری دوستی ہے جو ہمیشہ قائم رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی وزیرخارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آرہا ہے ہم ان کے لیے چشم براہ ہیں۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا جو کہ پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا مظہر ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں کبھی ہمیں واجبی دوستی کا احساس نہیں رہا۔ (فوٹو: عرب نیوز)

اردو نیوز کے ساتھ انٹرویو میں سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم بھی سعودی عرب گئے تھے اور اب سعودی وزیرخارجہ بھی آ رہے ہیں۔ ان رابطوں سے دوطرفہ تعلقات مزید آگے بڑھیں گے۔

پاکستان سعودی مشترکہ فلم و ڈرامہ پروڈکشن

وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کی ثقافتی اساس میں بہت مماثلت ہے اس لیے پاکستان کی حکومت چاہتی ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کے لیے مشترکہ پروڈکشن پر کام کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کئی مشہور ڈرامے عربی میں ڈب ہو کر سعودی عرب گئے ہیں اور پاکستان کی فلم ’پرچی‘ سعودی عرب میں بھی ریلیز ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ’دیکھیں ہماری جو ثقافتی اساس ہے اس میں بہت زیادہ مماثلت ہے۔ تو ان چیزوں کی بنیاد پر ہم بھی چاہیں گے کہ سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن کریں فلموں اور ڈراموں میں۔ کیونکہ یہ بہت طاقت ور آلہ ہوتا ہےاور دو ملکوں کو اور عوام کو قریب لانے میں اس کا بڑا کردار ہوگا۔

شبلی فراز کے مطابق سعودی وزیرخارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آرہا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سعودی اور پاکستانی عوام کی ایک دوسرے کی ثقافتی میراث کی شراکت داری بہت اہم ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اس میں تیزی لائیں اور ادارہ جاتی سطح پر ایک میکینزم لائیں جس میں یہ سلسلہ بلا تاخیر اور بلا تعطل جاری رہے۔

سمندر پار پاکستانیوں کے لیے حکومتی اقدامات

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے  کہ ’سمندر پار پاکستانیوں کی  کئی طرح سے ہمارے ملک کے لیے خدمات ہیں۔ ایک تو وہ ترسیلات زر بھیجتے ہیں جس کا معیشت میں بہت حصہ ہے اس کے علاوہ ہمارے لیے اچھے آئیڈیاز کی شکل میں بھی کام آتے ہیں اور جب بھی پاکستان پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تو اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’حکومت اورسیز پاکستانیز کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے۔ موجودہ حکومت کے دور میں اووسیز فاونڈیشن کو متحرک کیا گیا ہے اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ بھی کھولے جا رہے ہیں جس کے تحت وہ براہ راست پاکستان میں بینکنگ چینل استعمال کر سکتے ہیں اور ان کو اچھا منافع بھی ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ’اس کے علاوہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے بھی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے خاندان کے جو افراد پاکستان میں رہتے ہیں ان کے مسائل کو حل کرنے میں بھی مدد دیں۔‘

شیئر: