Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھریلو ملازمین اب آن لائن شکایات درج کراسکیں گے

گھریلو ملازمین ’مساند‘ پلیٹ فارم کے ذریعے شکایات درج کراسکتے ہیں۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے گھریلو ملازمین کی شکایات درج کرانے کےلیے طریقہ کار جاری کیا ہے۔ گھریلو ملازم ’مساند‘ پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن شکایات درج کراسکیں گے۔  
اخبار 24 کے مطابق وزارت افرادی قوت نے بیان میں کہا کہ ’نئی سہولت متعارف کرائے جانے کے بعد گھریلو ملازمین کو لیبر آفس یا وزارت کے ماتحت سوشل چینلز کا سہارا لینے کی ضرورت نہیں رہے گی‘۔
’آن لائن شکایات مرکز کے قیام سے گھریلو ملازمین کو ریکارڈ وقت میں اپنا مسئلہ براہ راست پیش کرنے کا موقع حاصل ہوگیا ہے‘۔
 
وزارت افرادی قوت نے مزید کہا کہ’ گھریلو عملے کی درآمد کی سروس فراہم کرنے والے بھی ’مساند‘ پلیٹ فارم کے ذریعے گھریلو ملازمین کی شکایات درج کراسکتے ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’نئے طریقہ کار کے بموجب شکایت ابتدائی مرحلے میں مصالحت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش ہوگی‘۔
’اگر فریقین متفق نہیں ہوں گے تو ایسی صورت میں شکایت کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے گا اور وزارت کے متعلقہ افسران اسے قانون کے تناظر میں حل کریں گے‘۔

شیئر: