Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مضبوط، اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں‘

وزیراعظم عمران خان دو سال میں پانچ مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کر چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں سرد مہری کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ 
نئے سال کی پہلی پریس بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط، برادارنہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ دو طرفہ علاقائی اور عالمی اہمیت کے مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کی بڑی قدر کرتا ہے۔‘
عرب نیوز پاکستان کے مطابق دفتر خارجہ کا یہ بیان وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے دورہ پاکستان کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
گزشتہ ہفتے شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان جنوری میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
سعودی عرب سے توانائی کے شعبے کا اعلیٰ سطح کے وفد  کی بھی اسلام آباد آمد  متوقع ہے جو تیل، گیس اور دوسرے سیکٹر میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ  نے اپنے بیان میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں کسی قسم کی دراڑ کے حوالے سے خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن ٹھہرایا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے سٹریٹجک تعلقات ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق تقریبا 25 لاکھ پاکستانی ملازمت کی غرض سے سعودی عرب میں رہائش پذیر ہیں جو پاکستان کی غیر ملکی ترسیلات زر کا واحد بڑا ذریعہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان دو سالوں میں پانچ مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کر چکے ہیں۔  سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی فروری 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ 

شیئر: