Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدن ایئرپورٹ بین الاقوامی پروازوں کے لیےکھول دیا گیا

 میزائل حملے کے بعد بدھ کو ائیر پورٹ بند کردیا گیا تھا۔ (فوٹو ایس پی اے)
یمن میں عدن انٹرنیشنل  ایئرپورٹ اتوار کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے بحال کردیا گیا ہے۔ میزائل حملے کے بعد ائیر پورٹ بند کردیا گیا تھا۔ 
 حملے میں کم سے کم 27 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو ئے تھے۔ حملہ گزشتہ بدھ سعودی عرب سے آنے والی اس پرواز کے لینڈ کرنے کے فوراً بعد ہوا  تھا جس میں یمن کی نئی بننے والی کابینہ کے ارکان سوار تھے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ایئرپورٹ کی بحالی تقریب میں عدن کے گورنر احمد لملس، وزیر داخلہ ابراہیم حیدان، وزیر ٹرانسپورٹ عبدالسلام حمید، وزیر منصوبہ بندی و عالمی تعاون واعدباذیذب اور عدن میں عرب اتحاد افواج کے کمانڈر نایف العتیبی سمیت متعدد عہدیدار شریک ہوئے۔ 
سعودی عرب نے میزائل حملے سے عدن ایئرپورٹ کو پہنچنے والے نقصانات اور تباہ شدہ مقامات کی اصلاح و مرمت ریکارڈ وقت میں انجام دی ہے۔
گورنرعدن نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  ثابت قدمی کے مظاہرے پر ایئرپورٹ کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کی کاوشوں کو قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ایک بار پھر یہ جتانا چاہتے ہیں کہ عدن دہشتگردوں کے آگے نہیں جھکے گا۔ عدن امن کا علمبردار شہر ہے۔ عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دہشتگردانہ حملے کی تحقیقات کرائے۔
انہو ں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ساتھ دینے والے  تمام فریقوں کے شکر گزار ہیں۔ ہمارے شکریہ کے سب سے زیادہ حقدار ہمارے سعودی بھائی ہیں۔ 

عدن ایئرپورٹ پر خرطوم سے پہلی پرواز نے لینڈ کیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

سعودی عرب نے حملے  کے چوبیس گھنٹے کے اندر ٹھیکے دار، کنسلٹنٹ، تیکنیکی امور کے ماہرین اور انجینیئرز کی پوری ٹیم عدن ایئرپورٹ کی بحالی کے لیے  یمن بھیج دی تھی۔ 
عرب نیوز نے یمنی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اتوار کو عدن ایئرپورٹ پر خرطوم سے پہلی پرواز نے لینڈ کیا ہے۔
 یمنی وزیرداخلہ اور دیگر حکام پرواز کے خیر مقدم کے لیے ایئر پورٹ پر موجود تھے۔

شیئر: