Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا دوسری اننگز میں بھی مایوس کن آغاز

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ڈبل سنچری بنائی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے تیسرے روز چھ وکٹوں کے نقصان پر659 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی اور کیوی ٹیم کو پاکستان پر 362 رنز کی برتری حاصل  ہے۔ 
منگل کو پاکستان کی دوسری اننگز میں بھی پاکستانی اوپنرز نے مایوس کن آغاز کیا اور شان مسعود سیریز میں تیسری بار بغیر کوئی رن بنائے صفر پر آوٹ ہوئے۔
 پاکستان نے دن کے خاتمے تک ایک وکٹ کے نقصان پر آٹھ رنز بنائے۔  عابد علی سات رنز کے ساتھ اور محمد عباس ایک رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن نے ڈبل سنچری بنائی اور وہ 238 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
کین ولیمسن کے علاوہ ہنری نکلز 157 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ جبکہ ڈیرل مچلز 102 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے تیسرے دن بھی نیوزی لینڈ کے بلے باز چھائے رہیں۔ جبکہ پاکستانی فیلڈرز نے حسب معمول کیچز چھوڑنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ پاکستان ٹیم کی ناقص فیلڈنگ کی وجہ سے کین ولیمسن اور ہنری نکلز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 369 رنز کا اضافہ کر ڈالا۔
یہ نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ 
اس سے پہلے دوسرے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کے اوپنرز کافی دیر تک پاکستانی بولرز کو پراعتماد انداز میں کھیلتے رہے۔
پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب ٹام بلنڈل 16 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا مجموعی سکور 52 تھا۔
اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کو حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا تو پاکستان کا پلڑا بھاری ہو گیا۔ لیتھم نے 33 رنز سکور کیے۔ 
آٹھ اوورز بعد محمد عباس نے راس ٹیلر کو پویلین بھیجا تو نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑی 71 کے مجموعی سکور پر آؤٹ تھے مگر اس کے بعد کین ولیمسن نے ہنری نکولس کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنائے تھے۔ جس میں اظہر علی 93 اور محمد رضوان 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

شیئر: