Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: پہلے دن پاکستان کی ٹیم 297 رنز بنا کر آؤٹ

فواد عالم بھی دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی چار وکٹیں 82 کے سکور پر گر چکی تھیں۔ فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان کی پوری ٹیم 297 رنز پر آؤٹ ہو گئی ہے۔ اظہر علی 93 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے، وہ ہنری کی گیند پر ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کیل جمیسن نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی اوپنر شان مسعود ایک بار پھر کیوی بولرز کے سامنے نہ ٹِک سکے۔
میچ کے تیسرے اوور میں شان مسعود بغیر کوئی رنز بنائے سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور چار رنز تھا۔

 

ان کے بعد اظہر علی کھیلنے کے لیے آئے اور عابد علی کے ساتھ مل کر سکور کو 66 تک پہنچایا جب جمیسن کی گیند پر عابد علی 25 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے ایک اوور بعد حارث سہیل ایک رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تو سکور بورڈ پر 70 کا ہندسہ تھا۔
کچھ دیر بعد فواد عالم بھی دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی چار وکٹیں 82 کے سکور پر گر چکی تھی۔ کپتان محمد رضوان نے اظہر علی کے ساتھ مل کر پارٹنر شپ قائم کی اور سکور کو 171 تک لے گئے۔
محمد رضوان 61 رنز بنانے کے بعد جمسین کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے تو فہیم اشرف نے اظہر علی کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا۔ اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد سپنر ظفر گوہر وکٹ پر فہیم اشرف کا ساتھ دینے آئے۔
ظفر گوہر نے آج ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔ ان کو یاسر شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پہلے میچ کی پہلی اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے فہیم اشرف نے اتوار کو کرائسٹ چرچ میں 88 گیندوں کا سامنا کیا اور 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 260 رنز پر گری۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی ظفر گوہر تھے جنہوں نے 34 رنز سکور کیے۔ نویں وکٹ 285 رنز پر گی جب شاہین آفریدی پویلین لوٹے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے جنہوں نے 12 رنز بنائے۔

شیئر: