Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

‏کامران غلام نے قائد اعظم ٹرافی میں زیادہ رنز کا 37 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

‏ کامران غلام نے رواں سیزن کی پانچویں سنچری سکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ (فوٹو: پی سی بی)
‏خیبر پختونخواہ  کے کامران غلام نے اتوار کو سنٹرل پنجاب کے خلاف  فائنل کے تیسرے روز  قائد اعظم ٹرافی کی اس وقت نئی تاریخ رقم کر دی جب وہ ایک ہی سیزن میں  سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلامیے کے مطابق‏ انہوں نے یہ اعزاز تیسرے روز کے تیسرے سیشن میں دوسری اننگز میں اس وقت اپنے نام کرلیا جب 77 واں رنز حاصل کیا ۔
‏ کامران غلام نے سیزن کی پانچویں سنچری سکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
 
کامران غلام نے سعادت علی کا 37 سالہ پرانا 1217 رنز کا ریکارڈ توڑا۔ انہوں نے یہ ریکارڈ84-1983 کے سیزن میں بنایا تھا۔
‏ کامران غلام کے لیے  رواں سیزن  غیر معمولی رہا ہے ۔ آج کے کھیل کے اختتام  تک کامران غلام 65.53 کی اوسط سے 1245 رنز بنا چکے ہیں۔
‏ پی سی بی سے گفتگو کرتے ہو ئے کامران غلام نے کہا ’میرے لیے یہ سیزن بڑا غیر معمولی رہا ہے ۔ میں اپنے ساتھیوں  اور کوچز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے  سیزن میں میری کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔‘
اس سیزن کی وجہ سے مجھے بہت اعتماد ملا، مجھے اپنی کارکردگی   پر پہلے سے زیادہ یقین حاصل ہوا ہے۔ عبدالرزاق جیسے  مایہ ناز کوچ نے میری کارکردگی کو بہتر بنانے میں بہت مدد کی اور اب میرا مقصد ہے کہ میں اس کو اور بہتر کروں۔‘
کامران غلام نے 2013 میں انڈر 19 میں پاکستان کی نمائندگی کی،انہوں نے اپنے  انڈر 19 کے 19 میچوں میں 48.83 کی اوسط سے 586 رنز بنائے تھے۔
 

شیئر: