Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باؤنڈری پر کئی مرتبہ برا سلوک ہوا، لیکن یہ بد تمیزی کی انتہا ہے: کوہلی

انڈین کھلاڑیوں نے فیلڈنگ کے دوران نسل پرستانہ رویے کی شکایت کی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے نسلی تعصب پر مبنی رویے کی مذمت کرتے ہوئے ’ناقابل قبول‘ قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی’ کے مطابق سنیچر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں انڈیا کے کھلاڑیوں کو مبینہ طور نسلی تعصب کا نشانہ بنانے پر ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ایسا رویہ ’مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔‘
سنیچر کے روز انڈین کھلاڑیوں جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری کی رسی کے قریب نسل پرستانہ کلمات سننے کی شکایت کی تھی۔
آسٹریلیا میں جاری ٹیسٹ سیریز کے آخری تین میچز میں ویراٹ کوہلی اپنے ہونے والے بچے کی پیدائش کے باعث شرکت نہیں کر سکے ہیں۔
انڈین کھلاڑیوں کے ساتھ مبینہ نسلی بدسلوکی کا یہ واقعہ آسٹریلیا کے ساتھ تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران سڈنی گراؤنڈ میں پیش آیا جب انڈین ٹیم فیلڈنگ کر رہی تھی۔
انڈین کپتان کوہلی نے اپنی ٹیم کے ساتھ نسل پرستانہ رویے پر ٹویٹ کیا کہ ’ان کے ساتھ کئی مرتبہ باؤنڈری لائن پر برے واقعات پیش آ چکے ہیں، لیکن یہ بد تمیزی کی انتہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ فیلڈ پر ایسا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔
ویراٹ کوہلی نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔
جسپریت  بمراہ اور محمد سراج کی شکایت پر انڈین کپتان اجنکیا راہانے اور دیگر سینیئر کھلاڑیوں نے امپائروں کے ساتھ معاملہ اٹھایا تھا۔ 
انڈین کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے انڈین خبررساں ایجنسی اے این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرکٹ ایک مہذب کھیل ہے اور اس طرح کی چیزوں کی نہ اجازت ہے نہ انہیں قبول کیا جاتا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی امتیازی سلوک کے خلاف پالیسی کے مطابق، میزبان بورڈ پر 'نامناسب رویے' سے متعلق کسی بھی واقعے کی تحقیقات کرنا لازم ہے اور عالمی ادارے کو دو ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنا ہوتی ہے۔

شیئر: