Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر کا قطر سے آنے والی پروازوں کے لیے فضائی حدود کھولنے کا فیصلہ

عرب امارات اور بحرین نے بھی قطر کے ساتھ فضائی رابطے بحال کر دیے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
مصر نے قطر سے آنے والی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ایک مرتبہ پھر پروازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق قطر نے پروازوں کی بحالی کا یہ فیصلہ سعودی عرب اور عرب امارات کے قطر کے ساتھ بائیکاٹ ختم کرنے کے بعد کیا ہے۔
یاد رہے کہ سال 2017 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مصر نے قطر کے ساتھ سفارتی، سفری اور تجارتی تعلقات ختم کر دیے تھے۔
ان ممالک نے قطر کے ساتھ فضائی حدود کے علاوہ زمینی اور سمندری سرحدیں بھی بند کر دی تھیں۔
مصر کے حالیہ اعلان کے بعد قطر سے آنے والی پروازوں کو مصر کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اجازت  ہوگی۔
دونوں ممالک کی قومی ایئر لائنز اپنے اپنے فلائٹ شیڈیول منظوری کے لیے متعلقہ اداروں کو جمع کروائیں گی۔
مصر کی وزارت ہوا بازی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی بحالی کے بعد تجارتی سامان کی آمد و رفت کا بھی آغاز ہو جائے گا۔
مصر اور اس کے اتحادی ممالک نے دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے کے الزام کی بنیاد پر قطر کے ساتھ تجارت پر عارضی پابندی عائد کی ہوئی تھی۔
سعودی عرب، عرب امارات اور بحرین نے قطر کے ساتھ اپنی فضائی رابطے بحال کر دیے ہیں۔

شیئر: