Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ سمیت نو علاقوں میں تین دن بارش کا امکان

سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت کم ہو جائے گا۔ (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ جمعرات 14 جنوری سے سنیچر 16 جنوری تک مملکت کے نو علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ  بارش کا امکان ہے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق موسمیات کے مرکز نے ٹوئٹر پر پر بیان میں کہا کہ جمعرات سے سنیچر تک مکہ مکرمہ، حدود شمالیہ، الجوف، مدینہ منورہ، حائل، قصیم، ریاض، تبوک اور الشرقیہ  کے علاقوں میں کہیں بوندا باندی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوگی- 
موسمیات کے مرکز کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام سے پیر تک سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت کم ہو جائے گا۔ 
 موسمیات کے قومی مرکز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ جمعرات کو حدود شمالیہ، الجوف، حائل اور مدینہ منورہ میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور اس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ تبوک میں برفباری بعید از امکان نہیں۔ 
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جمعرات کو سب سے زیادہ درجہ حرارت (33 سینٹی گریڈ ) قنفذہ میں ہوگا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت (ایک سینٹی گریڈ) وادی الدواسر اور شرورۃ میں رہنے کا امکان ہے۔

شیئر: