Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیوی کو 'ٹرین سے دھکا دے کر ہلاک' کرنے والا شخص گرفتار

26 سالہ خاتون اور ان کے شوہر ٹرین کے دروازے پر کھڑے تھے (فائل فوٹو: ان سپلیش)
انڈیا کے شہر ممبئی میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو مبینہ طور پر چلتی ہوئی ٹرین سے دھکا دے دیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو پولیس کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ '26 سالہ خاتون اور ان کے شوہر ٹرین کے دروازے پر کھڑے ہوئے تھے اور پھر انہوں نے اپنی بیوی کو دھکا دے دیا۔'
'یہ واقعہ پیر کی دوپہر کو چیمبر اور گوواندی ریلوے سٹیشن کے درمیان پیش آیا، جس کے بعد ہلاک ہونے والی خاتون کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا۔
31 شخص اور ان کی 26 سالہ اہلیہ دونوں مزدور تھے اور منخُرد نامی علاقے کے رہائشی تھے۔ دونوں کی شادی دو ماہ قبل ہی ہوئی تھی۔
گورنمنٹ ریلوے پولیس کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ 'پیر کو ٹرین میں ان دونوں کے ساتھ خاتون کی پہلی شادی سے ہونے والی ایک سات سالہ بیٹی بھی تھی۔'
انہوں نے بتایا کہ 'یہ جوڑا ٹرین کی ایک کوچ کے دروانے پر کھڑا تھا اور وہاں موجود ایک پائپ کے ساتھ جھول رہا تھا کہ خاتون چلتی ٹرین کے باہر کی طرف لٹک گئیں۔ اس وقت ان کے شوہر نے انہیں پکڑا اور پھر مبینہ طور پر چھوڑ دیا جس کے بعد وہ پٹڑی پر گر گئیں۔
جب ٹرین گوواندی سٹیشن پر رکی تو کوچ میں موجود ایک خاتون مسافر، جو اس جوڑے کو دیکھ رہی تھیں، نے ریلوے پولیس کو واقعے کے بارے میں بتایا۔

پولیس کے مطابق ٹرین میں ان دونوں کے ساتھ خاتون کی پہلی شادی سے ہونے والی ایک سات سالہ بیٹی بھی تھی (فوٹو: ان سپلیش)

پولیس نے ہلاک ہونے والی خاتون کے شوہر کو سٹیشن میں پکڑ لیا اور پھر اسے واقعے کی جگہ پر لے گئی جہاں خاتون زخمی حالت میں بے ہوش پڑی ہوئی تھیں۔
اس کے بعد خاتون کو ہسپتال لے جایا گیا تاہم عملے نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے ہلاک ہونے والی خاتون کے شوہر کو گرفتار کر کے ایف آئی آر درج کروا دی۔
ریلوے پولیس افسر کا کہنا تھا کہ 'پولیس اس بات کا پتا لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ آیا وہ آدمی واقعے کے وقت ہوش میں تھا یا نہیں۔'
خاتون کی بیٹی کو ان کے رشتہ داروں کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

شیئر: