Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائے گا: النہیان بن مبارک

شیخ النہیان بن مبارک نے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی سے ابوظبی میں ملات کی (فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے ثقافت، نوجوانان و سماجی ترقی شیخ النہیان بن مبارک نے کہا ہے کہ 'ابوظبی گروپ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائے گا۔'
یہ بات انہوں نے بدھ کو پاکستان کی پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی کے دورہ ابوظبی کے موقع پر ان سے ملاقات کے دوران بتائی۔ 
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'یہ دو ماہ سے کم وقت میں دونوں ممالک کے اہم قائدین کے درمیان ہونے والی دوسری اعلیٰ سطحی ملاقات ہے۔'
'وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دسمبر 2020 میں یو اے ای کا دورہ کیا تھا اور امارات میں رہنے والی پاکستانیوں کے مسائل کے جلد حل پر زور دیا تھا۔'
یو اے ای میں بارہ لاکھ پاکستانی رہتے ہیں جو سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کے بعد دوسری بڑی تعداد ہے، سعودی عرب کے بعد یہ پاکستانیوں کے لیے ترسیلات زر کا بڑا ذریعہ ہے۔
شیخ النہیان بن مبارک کا شہریار خان آفریدی کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کہنا تھا کہ 'یو اے ای کے پاکستان کے ساتھ عشروں پر مشتمل برادرانہ تعلقات ہیں۔'
'بیان کے مطابق النہیان بن مبارک کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ابوظبی پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھائے گا، اور اس حوالے سے نیا منصوبہ جلد شروع ہو گا‘
انہوں نے کہا کہ ’یو اے ای میں رہنے والے پاکستانیوں کی خدمات نے امارات کو ایک جدید ملک بنانے میں مدد دی۔‘

شیخ النہیان بن مبارک نے یو اے ای میں موجود پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہائی کرائی (فوٹو: اے ایف پی)

 شہریار آفریدی نے یو اے ای کے وزیر کو وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ 'عمران خان کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔'
شہریار آفریدی نے متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے بھی امارتی وزیر سے بات کی اور ان کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
بیان کے مطابق ’شیخ النہیان بن مبارک نے شہریار آفریدی کو یقین دلایا کہ 'یو اے ای میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل خوش دلی سے حل کیے جائیں گے۔‘

شیئر: