Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کو پاکستان کے ساتھ تعلقات پر ہمیشہ فخر رہا ہے، شیخ نہیان

شیخ نہیان نے وزیراعظم سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو گلف نیوز
متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے جمعہ کو وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے ملاقات کی۔
اس سے قبل انہوں نے نیشنل لائبریری اسلام آباد میں بک پویلین کا افتتاح کیا۔
پویلین کے لیے متحدہ عرب امارات کی جانب سے مختلف موضوعات پر عربی زبان پر تحریر کردہ ایک ہزار سے زائد کتب دی گئی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں پی ایم ہاﺅس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے تعلقات اور ان میں مزید پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔
اماراتی وزیر نے وزیراعظم کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے 2019 کو رواداری کا سال قرا ر دیا اور اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ مستقبل میں پاکستان اور امارات کے تعلقات مزید بڑھیں گے۔ اماراتی وزیر نے کہا کہ ان کے ملک کو پاکستان کے ساتھ تعلقات پر ہمیشہ فخر رہا ہے۔

صدر عارف علوی نے پاکستان اور امارات کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو خلیج ٹائمز

دریں اثنا امارات کے وزیر رواداری شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے جمعہ کو ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات اور انہیں مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل یو اے ای کے وزیررواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی نیشنل لائبریری اسلام آباد آمد پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور سرحدی امور کے وزیر شہریار خان آفریدی نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر یو اے ای کے تعاون سے نیشنل لائبریری اسلام آباد میں بک پویلین کا افتتاح کیا گیا۔
یہ پویلین متحدہ عرب امارات کی ایمبیسی کے تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی رواداری اور تعلقات کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
پویلین کے لیے متحد ہ عرب امارات کی جانب سے مختلف موضوعات پر عربی زبان پر تحریر کردہ ایک ہزار سے زائد کتب دی گئی ہیں۔

 کتابوں کے اس عطیہ پر یو اے ای کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ فوٹو اردونیوز

اس موقع پر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔
 شیخ نہیان نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات پرامارات کو ہمیشہ فخر رہا ہے اور آئندہ آنے والوں دنوں میں یہ دوستی مزید مضبوط ہو گی۔
 اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تعلیم اور مطالعہ کے فروغ میں یو اے ای کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ 

 ’پاکستان تعلیم اور مطالعہ کے فروغ میں یو اے ای کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔‘ فوٹو اردونیوز

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا کئی دیگر شعبوں جن میں پولیو کے خاتمے، کتب بینی کے فروغ اور سرمایہ کاری سمیت کئی شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے گہرے اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ 
پاکستانی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں خصوصاً تعلیم، ثقافت اور معیشت کے شعبوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ 
پاکستانی وزیر اطلاعات نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے نیشنل لائبریری میں پویلین کے قیام اور ہزاروں کتابوں کے عطیے سے پاکستان میں کتب بینی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ 
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کتابوں کے اس عطیہ پر یو اے ای کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ قومی ترقی میں علم کی ضرورت و اہمیت کے تناظر میں امارات کا تعاون بڑی قابل ستائش بات ہے۔ پاکستان اور یو اے ای کے دو طرف تعلقات اور تعاون کو بڑھا کر علمی معلوماتی و صحافتی تبادلہ جات کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ 
                       
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: