Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد نے حوثیوں کے تین ڈرون گرا دیے

کرنل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں کی طرف سے ڈرون یمن کے صوبے حدیدہ سے اڑائے گئے (فوٹو: ایس پی اے)
عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کی طرف بھیجے جانے والے تین ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے جمعے کو عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی کے حوالے سے بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا، جس کو ایران کی پشت پناہی حاصل ہے، کی طرف سے ڈرون یمن کے صوبے حدیدہ سے اڑائے گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حوثی حدیدہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ 
ان کے مطابق ’حوثی حدیدہ صوبے کو میزائل فائر کرنے، ڈرون چھوڑنے اور دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔‘
ترکی المالکی نے مزید کہا کہ جنگجو صوبے کو دور سے کشتیوں پر حملوں کے لیے بھی استعمال کر رہے ہیں جو علاقائی اور بین الاقوامی طور پر بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔
 امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اتوار کو حوثی ملیشیا کو دہشت گرد قرار دینے کے ساتھ ساتھ اس کے تین لیڈرز عبدالمالک الحوثی، عبدالخالق بدر الدین الحوثی اور عبداللہ یحییٰ الحکیم کو بھی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالنے کا اعلان کیا تھا۔
المالکی نے بتایا کہ عرب اتحاد ایسی دہشت گردی کی کارروائیوں سے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے تحت نمٹ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی طرف سے یمن میں ایلچی مارٹن گریفیتھس کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ بغاوت کا خاتمہ ہو اور سیاسی حل سامنے آئے۔

شیئر: