Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی نوکری ملنے سے پہلے ملازمت چھوڑنا بے وقوفی؟

ملازمت کی جگہ پر کولیگز کے ساتھ ماحول ضرور بہتر رکھیے تاہم ضرورت سے زیادہ اضافی کام کا بوجھ مت لیں (فوٹو: فری پک )
بلاوجہ نوکری یا ملازمت چھوڑ دینا کوئی عقلمندی تو نہیں مگر ایسا کرنے والوں کے پاس اپنے دلائل ہوتے ہیں۔ پیشہ ورانہ زندگی میں عموماََ دوست احباب یہی مشورہ دیتے نظر آتے ہیں کہ جب تک اگلی کی ملازمت کا لیٹر ہاتھ میں نہ آئے لگی ہوئی نوکری چھوڑنا تو بے وقوفی ہی سمجھو۔
اب سوشل میڈیا آ گیا ہے تو ایسے موضوعات پر زیادہ افراد کی رائے جاننے کا موقع ملتا ہے۔
سوشل میڈیا صارف سکیری ہیری مین نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ کے ذریعے لوگوں سے دریافت کیا کہ ’آپ میں سے کتنے ایسے ہیں جو اگلی جگہ نوکری کا چانس نہ ہونے پر بھی اپنی ملازمت چھوڑ چکے ہیں؟۔‘ اس پر سوشل میڈیا صارفین اپنے ذاتی تجربات شئیر کرتے نظر آئے۔
جہاں اکثر صارفین نے نئی نوکری نہ ہوتے ہوئے ملازمت چھوڑ دینے کو بے وقوفی قرار دیا وہیں کئی ایسے بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ نوکری فوری چھوڑنے کی وجوہات میں اگر آفس کا ماحول ہے تو نوکری چھوڑنے میں کوئی برائی نہیں کیونکہ انسان کے پاس ذہنی سکون ہوگا تب ہی وہ کام کر سکے گا۔
ٹوئٹر صارف پرساد نے لکھا کہ ’ایسا فیصلہ کرتے ہوئے ای ایم آئی کے ساتھ ساتھ فیملی میں نیا مہمان بھی آنے والا تھا لیکن میں اس کمپنی کو چھوڑنا چاہتا تھا۔ خیر میں نے خود پر بھروسہ کر کے قدم اٹھا لیا اور اس کے تین مہینوں بعد مجھے نوکری مل گئی مگر ایسا اتفاق بار بار نہیں ہوتا۔‘

کئی صارفین کی رائے میں ہمارا تعلق ایسے معاشرے سے ہے جہاں ڈگری حاصل کرنے کے بعد فوراً نوکری مل جانا خوش قسمتی سمجھا جاتا ہے۔ لیکن نوکری کب تک کرنی چاہیے اور کب ترک کر دینی چاہیے ایسے کٹھن فیصلے اکثر و بیشتر کرنا پڑتے ہیں۔ ایسے فیصلوں کے دوران ہم میں سے اکثر لوگ جلد بازی کر جاتے ہیں۔
ٹوئٹر صارف شینوے نے لکھا کہ ’اگر کام کی جگہ کا ماحول ہی عجیب ہو تو ایسا زندہ رہنے کے لیے ایسا کرنا پڑجاتا ہے‘

ٹوئٹر ہینڈل سیٹزن بول نے لکھا کہ ’ایسا کیا تو تھا لیکن پھر نئی نوکری ڈھونڈنے میں سال لگ گیا۔‘

چند صارفین نے یہ فکر بھی ظاہر کی کہ اگر نوکری ایسے چھوڑ دیں گے تو ماہانہ قسطوں پر لی گئیں چیزوں کی انسٹالمنٹ کون بھرے گا۔
کچھ صارفین کے مطابق دفتری سیاست، ٹانگیں کھینچنے والے لوگ، کام میں مزہ نہ آنا ، ایک جیسی روٹین سے تنگ آ جانا ، کچھ نیا نہ کر پانا، یہ سب وہ وجوہات ہیں جن کے باعث کوئی بھی شخص آگے نئی نوکری نہ ہوتے ہوئے بھی نوکری چھوڑنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ بظاہر یہ چھوٹے موٹے مسائل ہیں لیکن یہ  ڈپریشن کی وجہ بھی بن سکتے ہیں۔ ان تمام تر وجوہات کے باوجود آپ فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں۔  
بعض صارفین نے لکھا کہ ملازمت کی جگہ پر کولیگز کے ساتھ ماحول ضرور بہتر رکھیے تاہم ضرورت سے زیادہ اضافی کام کا بوجھ اپنے کندھوں پر مت آنے دیں۔

شیئر: