Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں اسٹرا زنیکا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری

پاکستان میں حکام کے مطابق برطانوی ویکسین اسٹرازنیکا کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پاکستان میں یہ پہلی ویکسین ہے جس کے استعمال کی منظوری دی گئی ہے۔
سنیچر کو برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے ساتھ بات کرتے ہوئے وزیر صحت فیصل سلطان نے کہا ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے منظوری کے  بعد چین کی سینوفارم ویکسین کی 10 لاکھ سے زائد خوراکیں حاصل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
برطانوی ویکسین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ڈرگ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے اسٹرازنیکا کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم باہمی خرید و فروخت کے معاہدوں کے تحت یا اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کوویکس کے ذریعے مغربی اور دیگر ویکسینز حاصل کرنے کے مرحلے میں ہیں۔‘
روئٹرز کے مطابق ڈریپ نے چینی ویکسین کا ڈیٹا حاصل کرکے اس کا جائزہ لے لیا ہے۔ ڈریپ سے منظوری کی منتظر ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان ویکسین بنانے والی مختلف کمپنیوں سے رابطے میں ہے اور چین کی کین سینو بائیو کمپنی سے ایک معاہدے کے تحت ویکسین کی ’دسیوں لاکھوں‘ خوراکیں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کمپنی کی ویکسین پاکستان میں کلینکل ٹرائلز کا آخری مرحلہ فیز تھری مکمل کرنے والی ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ سب سے اہم چیز ویکسین کا موثر ہونا ہے۔ ’ہم مختلف ویکسینز کے موثر ہونے بارے میں جائزہ لے رہے ہیں۔‘
سندھ نے وفاق سے ویکسین کی براہ راست خریداری کی اجازت مانگ لی
سندھ حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبوں کو ویکسین کی خریداری کا اختیار دیا جائے تاکہ سندھ میں ویکسینیشن کے مرحلے کو جلد شروع کیا جا سکے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ جن دو ویکسین کی ڈریپ کی طرف سے منظوری دی گئی ہے ان کی صوبائی سطح پر خریداری کی اجازت دی جائے۔‘

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سندھ میں سب سے پہلے ویکسین لگانے کی لاجسٹک تیاری ہم نے مکمل کرلی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کے ساتھ  مشترکہ پریس کانفرنس عذرا پیچوہو نے کہا کہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ضروری ہے کے ہم جلد از جلد ویکسین لگانا شروع کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کے سلسلے میں وفاقی حکومت سے رابطے کے باوجود ابھی تک ویکسین کی دستیابی کا کوئی شیڈول سامنے نہیں آ سکا ہے۔
’اب تو ایسا لگ رہا ہے ہم دنیا میں آخری ملک رہ جائیں گے جس کے پاس ویکسین کی دستیابی تاخیر سے ہوگی۔‘
وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سندھ میں سب سے پہلے ویکسین لگانے کی لاجسٹک تیاری ہم نے مکمل کرلی ہے جب کہ سندھ میں جامعہ کراچی ملک کا واحد ادارہ ہے جس میں کورونا وائرس کی جینومک سرویلنس کے تحت پروفائیلنگ کی جا رہی ہے کیوں کہ وقت کے ساتھ وائرس میں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

شیئر: