Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی دوسری لہر، ایک دن میں سب سے زیادہ 89 ہلاکتیں

کورونا سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے جہاں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار 212 ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وبا سے 89 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 885 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد چار لاکھ 42 ہزار 241 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 33 ہزار 610 ٹیسٹ کیے گئے۔
پاکستان میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 70 ہزار 451 ہے۔  ملک میں اس وقت کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 44 ہزار 241 ہے۔
این سی او سی کے مطابق اس وقت بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کورونا کا کوئی مریض ونٹی لیٹر پر موجود نہیں۔
ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کے لیے مختص ایک ہزار 765 ونٹی لیٹرز میں سے 336 ونٹی لیٹرز پر مریض موجود ہے۔
کورونا سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے جہاں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار 212 ہے۔
پنجاب میں کورونا سے اب تک ایک لاکھ 24 ہزار 191 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 50  ہزار 78 ہے۔
بلوچستان میں اب تک کورونا سے 17 ہزار 501 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں چار ہزار 746، اسلام آباد میں 33 ہزار 61 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اب تک سات ہزار 390 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گئی تھی، تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔
تاہم وبا کی دوسری لہر میں کیسز اور اموات دوبارہ بڑھنا شروع ہو گئی ہیں۔

شیئر: