Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’برڈ فلو کے باوجود مرغیوں کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا‘

پولٹری فارم کمیٹی کے مطابق برڈ فلو کا مقابلہ کرنے کے لیے متعدد آپشن موجود ہیں ( فوٹو: سبق)
پولٹری فارم کمیٹی کے چیئرمین عبد اللہ کدمان نے کہا ہے کہ دنیا میں برڈ فلو کے باوجود سعودی عرب میں مرغیوں کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سال کے دوران برڈ فلو کے باعث ساڑھے تین ملین مرغیاں ہلاک ہوئی ہیں۔
’برازیل اور فرانس ان ممالک میں ہیں جو سعودی عرب کو مرغیاں سپلائی کرتے ہیں، وہاں برڈ فلو کے باعث مشکل صورتحال ہے۔‘
پولٹری فارم کمیٹی کے چیئرمین کے مطابق اس کے باوجود سعودی عرب نے مرغیوں کے حوالے سے 70 فیصد خود کفالت کرلی ہے۔
’ملک میں غذائی سیکیورٹی انتہائی مضبوط ہے، مارکیٹ میں مرغیوں کی رسد میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں۔‘
پولٹری فارم کمیٹی کے چیئرمین عبد اللہ کدمان نے کہا کہ برڈ فلو کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمارے پاس متعدد آپشن موجود ہیں۔
’برازیل ہمیں مرغیاں سپلائی کرنے والے بڑے ممالک میں ہے مگر ہمارے پاس اس کا متبادل بھی موجود ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ 2016 کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں مرغیوں کی طلب میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
’اس وقت مارکیٹ کو مرغیوں کی 670 ٹن ضرورت تھی، بعد ازاں 2017 میں طلب بڑھ کر 700 ٹن ہوگئی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے بعد کے سالوں میں مرغیوں کی طلب میں سالانہ اضافہ ہوتا رہا، اس وقت مارکیٹ کو 930 ٹن کی ضرورت ہے۔

’ملک میں غذائی سیکیورٹی انتہائی مضبوط ہے، مارکیٹ میں مرغیوں کی رسد میں کوئی کمی نہیں‘ (فوٹو: سبق)

واضح رہے کہ سعودی عرب کی مارکیٹ کو مرغیاں فراہم کرنے میں 12 کمپنیاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
ان میں سے سات  کمپنیوں کو متوسط درجہ حاصل ہے جبکہ باقی بڑی کمپنیاں ہیں۔

واٹس ایپ پر  خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: