Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فائزر کے بعد موڈرنا اور آسٹرازینیکا ویکسین کی بھی منظوری

اب سعودی عرب میں تین ویکسین رجسٹرڈ ہوچکی ہیں(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں  وزارت صحت نے فائزر کے بعد آسٹرازینیکا اور موڈرنا کورونا ویکسین بھی منظوری دی ہے۔ مقامی شہریوں اور غیرملکیوں کو لگائی جائیں گی۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے مشرقی ریجن محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ابراہیم العریفی نے بتایا کہ اب سعودی عرب میں تین ویکسین رجسٹرڈ ہوچکی ہیں ان میں فائزر، آسٹرازینیکا اور موڈرنا شامل ہیں۔ 
 سب سے زیادہ فائزر ویکسین منتخب کی جارہی ہے اور یہ وافر مقدار میں جلد سعودی عرب پہنچ جائے گی۔ 
ڈاکٹر ابراہیم العریفی نے بتایا کہ سعودی ویکسین سینٹرز کے کارکنان کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ کارکنان کے تجربے میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے۔ شروع کے مقابلے میں ان دنوں ویکسین لگوانے کے لیے سینٹر آنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
محکمہ صحت کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ الاحسا میں ویکسین سینٹر تیار ہوگیا ہے۔ ویکسین پہنچنے پر سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو فراہم کی جانے لگے گی۔ ایک ہفتے  سے دو ہفتے کے اندر الاحسا ویکسین سینٹر کام شروع کردے گا۔ حفر الباطن میں بھی کورونا ویکسین سینٹر تیار ہورہا ہے۔ آئندہ ماہ کے شروع میں افتتاح ہوگا۔ 
العریفی نے بتایا کہ ’صحتی ایپ‘ کے ذریعے مشرقی ریجن میں اندراج کرانے والوں کی تعداد 4 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ یہاں 60 ہزار افراد کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔

 80 فیصد تک سعودیوں اورغیرملکیوں کو فائزر ویکسین دی جائے گی۔(فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے کہ صحتی ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد مملکت بھر میں 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ 
گزشتہ ماہ کے اعدادوشمار کے مطابق وزارت صحت کو ہر ہفتے ایک لاکھ فائزر ویکسین خوراکیں مل رہی ہیں۔
وزارت صحت نے پروگرام بنایا ہے کہ ویکسین مہم کے تحت 80 فیصد تک سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں کو فائزر ویکسین دی جائے۔ اس کے بعد دیگر ویکسینیں لگائی جائیں گی۔ فائزر کی بھی مزید خوراکیں طلب کی جاتی رہیں گی۔ 

شیئر: