Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سب کے لیے ویکسین‘، غیرملکی سفیروں کا سعودی قیادت کو خراج تحسین

ویکسین کی پہلی ڈوز لگنے کے بعد غیرملکی سفیروں نے سعودی کوششوں کو سراہا ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں مقیم اور کام کرنے والے غیر ملکی رہائشیوں نے آج بدھ کو کورونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوانے کے انوکھے موقع کا خیرمقدم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت میں اب تک 3 لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے۔
وزارت صحت کی صحتی ایپ نے مملکت میں تمام شہریوں کے علاج کو یقینی بنانے کے لیے 16 دسمبر سے ویکسینیشن کی رجسٹریشن کو قبول کرنا شروع کیا تھا۔

 

جس کے اگلے روز ہی سعودی دارالحکومت میں ویکسینیشن کے عمل کا آغاز ہوا، جس کے بعد ایک ماہ سے کم عرصے میں چار ریجنز میں تین ویکسین سنٹرز کھل گئے۔
ویکسین کی پہلی ڈوز لگنے کے بعد بہت سے غیرملکی سفیروں نے، سب کو علاج کی فراہمی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا ہے۔

جان ابی زید، امریکی سفیر

ویکیسن لگوانے کے بعد امریکی سفیر، جان ابی زید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’یہاں کی تنظیم لاجواب ہے۔ پیشہ ورانہ مہارت شاندار ہے۔ ہم سفارت خانے میں شائد پہلے افراد تھے جنہوں نے یہ ویکسین لگوائی۔ میں سعودی عرب میں موجود امریکی کمیونٹی اور تمام 80 ہزار افراد کو دکھانا چاہتا ہوں کہ یہ محفوظ ہے، یہ کارآمد ہے۔‘

جارگ راناؤ، جرمن سفیر

جرمنی کے سفیر جارگ راناؤ نے ویکسین کی دوسری ڈوز لینے کے بعد کہا کہ ’انہیں وہ ویکسین لینے پر فخر ہے، جو ان کے ملک میں بنی اور مملکت میں سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے فراہم کی گئی۔‘  

آندریاس شیچلر، سوئس سفیر

ویکسین لگوانے کے بعد سوئٹزر لینڈ کے سفیر نے کہا ’اپنے دیگر ساتھیوں کی طرح میں نے بھی کورونا ویکسین لی ہے اور ایپ کے ذریعے میں اپوائنٹمنٹ کی آسانی اور مثالی تنظیم سے متاثر ہوا ہوں۔‘

امریکی سفیر جان ابی زید نے سعودی طبی عملے کی مہارت کی تعریف کی ہے۔ (فائل فوٹو: سی این این)

جو بائےیونگ وُک، جنوبی کورین سفیر

جنوبی کوریا کے سفیر جو بائےیونگ وُک نے ویکسین لگوانے کے اپنے تجربے کے حوالے سے کہا ’مجھے اپلائی کرنے کے تین دن بعد ویکسین کی پہلی ڈوز لگی۔ میں ویکسینیشن کے طریقہ کار کی کارکردگی اور ہیلتھ ورکرز کی پیشہ ورانہ مہارت سے متاثر ہوا۔ میں اپنے ساتھی کوریائی باشندوں کو یہ ویکسین لینے کی ترغیب دیتا ہوں۔‘

بالازس سیلمیسی، ہنگری سفیر

ہنگری کے سفیر بالازس سیلمیسی نے انہیں اور ان کے خاندان کو ویکسین لگنے پر، سعودی حکومت اور وزارت صحت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

الوارو ایرانزو گوٹیرز، ہسپانوی سفیر

سپین کے سفیر نے ویکسین لگوانے کے بعد سعودی حکام کی انتظامی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا ’میں اس پر شکرگزار ہوں کہ مجھے ویکسین لگوانے کا موقع ملا۔ یہ ایک تیز طریقہ کار تھا جو صحتی ایپ کے ذریعے موثر طور پر ہوا۔ میں ہر کسی سے کہوں گا کہ وہ جائیں اور ویکسین لگوائیں۔ یہ کسی کو کوئی تکلیف نہیں دیتی اور وہ مدافعتی نظام پیدا کرتی ہے، جو ہم ڈھونڈ رہے ہیں۔‘

ڈیا ایڈائن سعید باماخھراما، جبوتی سفیر

جبوتی کے سفیر نے ٹویٹر پر سب کو ویکسین کی فراہمی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ویکسینیشن کے طریقہ کار کی بھی تعریف کی۔

شیئر: