Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مولانا داتا دربار نہیں جاتے، یہ گولڈن ٹمپل جانے والے لوگ ہیں‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کا بھی وہی حال ہوگا جو الیکشن کمیشن کے باہر ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ’براڈشیٹ پانامہ ٹو بلکہ پانامہ پلس ہے، اس سے جو کچھ نکلنے جا رہا ہے وہ اگلے الیکشنز میں ن لیگ کو لپیٹ میں لے لے گا۔‘
جمعے کے روز کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ’مولانا فضل الرحمان کا قائداعظم کے مزار پر خطاب قیامت کی نشانی ہے۔‘
بقول ان کے ’مولانا داتا دربار نہیں جاتے، یہ گولڈن ٹمپل پر جانے والے لوگ ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’براڈشیٹ میں ن لیگ کی 85 سے 100 ملین کی پراپرٹی سامنے آنے والی ہے۔‘
انہوں نے فارن فنڈنگ کیس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان نے اس کو کھول کر اہم قدم اٹھایا ہے۔‘
بقول شیخ رشید کے ’انہوں نے تو اس کی براہ راست کوریج کی بات بھی کی ہے۔‘ شیخ رشید کے مطابق ’پی ٹی آئی نے 40 ہزار ڈونرز کی دستاویزات دی ہیں جبکہ دوسروں نے چار ہزار چار سو بھی نہیں دیں۔‘
پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں، بس ایک ریلی نکالنی ہے جس کا انتظار کر رہے ہیں۔‘

شیخ رشید کے مطابق ’مولانا فضل الرحمان کا مزار قائد پر خطاب قیامت کی نشانی ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

ان کے مطابق ’جو حال ان کا الیکشن کمیشن کے باہر ہوا، وہی لانگ مارچ میں بھی ہو گا‘
مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حکومت کو دھکا سٹارٹ کہے جانے پر انہوں نے کہا کہ ’ڈھائی سال سے دھکا لگ رہا ہے، ڈھائی سال مزید لگے اور پھر ٹاپ گیئر لگے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان پانچ سال پورے کریں گے‘ کراچی میں رہنے والے بنگالیوں کے شناختی کارڈز کے بارے میں جب سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’اس کیس کو دیکھا جا رہا ہے۔‘

وزیر داخلہ نے کہا کہ براڈ شیٹ میں سے ن لیگ 85 سے 100 ملین کی پراپرٹی نکلنے والی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مریم نواز کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت کو براڈشیٹ تحقیقاتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیے جانے پر اعتراض کے تناظر میں کہا کہ ’انہیں نہ لگائیں تو کیا ملک قیوم کو لگائیں؟‘
آصف زرداری کے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے معاملے میں میرا ووٹ ان کے حق میں تھا، جب کہا جائے گا تب دیکھیں گے۔
شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ بلاوجہ بپھرے ہوئے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر ان کا کوئی سیاسی کردار بن جائے گا، لیکن ایسا نہیں ہو گا۔‘

شیئر: