Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بروقت نیند کن بیماریوں سے بچا سکتی ہے؟

ایک تحقیق کے مطابق رات کو مکمل نیند سے انسان اپنے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرسکتا ہے (فوٹو: انسپلیش)
کیا آپ  جانتے ہیں کہ ہمارا جسم ہمیں سونے پر کیوں مجبور کرتا ہے، ابھی تک سائنس یہ دریافت نہیں کر سکی کہ سونے کی بنیادی وجوہات کیا ہیں؟  لیکن اس پر اتفاق ہے کہ یہ انسان کی زندگی کی سب سے اہم چیزوں میں سے ہے۔
الرجل ویب سائٹ پر شائع مضمون میں کہا گیا ہے کہ سائنس دانوں کے مطابق جو شخص سوتا ہے اس وقت کو جسم کے لیے نقصان دہ نہیں سمجھا جاسکتا بلکہ یہ وقت دماغ کی حفاظت اور جسمانی صحت کی حفاظت کے طور پر شمار ہوتا ہے۔
جبکہ سائنس دان  رات کے اوقات میں سونے کو تجدید کا عمل قرار دیتے ہیں جو دماغ کے لیے تسکین کا باعث ہوتا ہے۔
 لندن میں یونیورسٹی آف ویسٹرن اونٹاریو سے منسوب ایک تحقیق نے ثابت کیا کہ انسان کو اپنے جسم کی صحت کو برقرار رکھنے اور خاص طور پر اپنے دماغ کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے روزانہ  مناسب وقت تک سونا  ضروری ہے کیونکہ یہ الزائمر کے مرض سے بچانے کے لیے مفید ہے۔

نیند کے دوران سر میں کیا ہوتا ہے؟

 جرمنی کی یونیورسٹی آف ٹبجن نیوروبائیولوجی کے ایک محقق البرکٹ فورسٹر نے انکشاف کیا ہے کہ نیند کے دوران کئی سارے کام انسان کے دماغ کے اندر زندگی کے کسی دوسرے وقت سے زیادہ جاری رہتے ہیں۔

ایک تحقیق کے مطابق دماغ کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے روزانہ  مناسب وقت میں سونا  ضروری ہے (فوٹو: فری پک)

 جرمن سائنس دان نے مزید کہا کہ جب لوگ بیدار ہوتے ہیں تو عصبی خلیوں کے درمیان مواصلات کی ایک نئی کیفیت طاری ہوتی ہے، جب ہم سوتے ہیں تو تعمیر نو اور انتظام کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ وہ نیند کو دماغ کے دھونے، کاٹنے اور ترتیب  کی طرح کا ایک عمل قرار دیتے ہیں۔
 فوریسٹر نے مزید کہا کہ دماغ کے اندر خلیوں کے مابین ہونے والے رابطوں کے لیے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں اور انھیں ازسرنو ترمیم کیا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طاقت کا استعمال نہ ہو اور معلومات کو بغیر کسی رکاوٹ کے پروسس کیا جاسکے۔

نیند کی کمی کے نقصانات

یونیورسٹی آف ویسٹرن اونٹاریو کے ڈاکٹر کونر وائلڈ کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی  کے نتیجے میں جسم کو شدید نقصان پہنچتا ہے ان میں سب سے زیادہ دماغی صحت پر اثر پڑتا ہے کیونکہ یہ عمر کے بڑھنے کے ساتھ سمجھ بوجھ کو کم کرنے کا باعث ہوتا ہے۔
 ڈاکٹر ویلڈ اس کی وجوہات کی وضاحت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیتے ہیں کہ نیند کے دوران دماغ آرام کی حالت میں ہوتا ہے خاص طور پر دماغی اسپاسنل مائع کے ساتھ جو جاگنے کی مدت کے دوران دماغ کی صحت کو مستحکم کرنے کا سبب بنتا ہے۔

صحت مند جسم کے لیے نیند کے فوائد

 انسان اپنی زندگی کا تقریبا تیسرا حصہ نیند میں گزارتے ہیں اور یہ اس قدر ضروری ہے جتنا کھانا پینا اور سانس لینا ضروری ہے۔ کچھ وقت سونا نہ صرف  آرام کرنا ہوتا ہے بلکہ حیاتیاتی توانائی مہیا کرنے کے لیے نا گزیر ہے، نیند کے اہم فوائد یہ ہیں۔

دل کی بیماری سے بچاتا ہے

 بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مرکز کی ایک تحقیق کے مطابق رات کے اوقات میں مکمل نیند سے انسان اپنے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرسکتا ہے جس میں عدم توازن عموما دل کی بیماری کا سبب بنتا ہے۔ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ سونے کی صحیح ترتیب سے انسان دل کی بیماریوں سے بچ سکتا ہے۔

صحیح ترتیب سے انسان دل کی بیماریوں سے بچ سکتا ہے (فوٹو: فری پک)

موٹاپے سے حفاطت

 آپ کو یہ معلوم نہیں ہوگا کہ آپ کے وزن میں اضافے کی ایک وجہ بے ترتیبی والی نیند ہے اور یہ کہ آپ کی نیند کی کمی آپ کے وزن میں اضافے کا باعث ہے- بہت ساری تحقیقات کے مطابق جس میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ بے ترتیبی والی نیند موٹاپے کی طرف لے جاتی ہے۔
ان دونوں کا آپس میں تعلق ہے کہ جب آپ نیند کا معمول نہیں بناتے ہیں تو اس کا براہ راست اثر آپ کی صحت مند طرز زندگی کو برقرار رکھنے کی صلاحیت پر پڑتا ہے جو بھوک کے  ہارمونز کو متاثر کرنے کے بعد آپ کے وزن پر اثر انداز ہوتا ہے۔

قوت مدافعت بڑھاتا ہے

 سردی اور انفلوئنزا سے انسانوں کے انفیکشن کے حوالے سے کی جانے والی بہت ساری تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ جو لوگ کم سوتے ہیں ان کے مقابلےمیں آٹھ گھنٹے سونے والے نسبتاً بہتر ہوتے ہیں، کیونکہ مناسب نیند قوت مدافعت میں معاون ہوتی ہے جراثیم کش اور کینسر کے خلیوں کو بڑھنے سے روکتی ہے۔

 دماغی صحت

 دماغ کی صحت کے حوالے سے یادداشت کو بہتر بنانے میں باقاعدگی سے سونے کی انتہائی اہمیت ہے، نیز ڈیمینشیا اور الزائمر کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے کے لیے بھی اہم ہے۔ اسی طرح نیند لوگوں کو تناؤ اور پریشانی سے بھی نجات دلاتی ہے۔

مزاج میں بہتری

 نیند کی باقاعدگی مزاج کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے جس سے  کارکردگی بھی بہتر ہو جاتی ہے اور دن کے وقت بہتر کام کا سبب بنتی ہے، دماغ کو تروتازہ  رکھنے کے ساتھ کسی بھی چیز کو یاد کرنے میں معاون ہوتی ہے، اس لیے ماہرین طلبہ کو نصیحت کرتے ہیں کہ رات کے اوقات میں سونے کا اہتمام کریں۔

تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ جو لوگ کم سوتے ہیں ان کے مقابلےمیں آٹھ گھنٹے سونے والے نسبتاً بہتر ہوتے ہیں (فوٹو: ان سپیلش)

منفی خیالات سے بچاؤ

مکمل نیند ہمیں منفی خیالات سے بچنے میں مدد دیتی ہے، اسی طرح غصے کے وقت  کنٹرول رکھنا بھی اچھی نیند لینے کی صورت میں ممکن ہوتا ہے، اس کے علاوہ  نیند سے ہمارے دماغ میں حفظ کرنے اور سمجھنے کی صلاحیت  بہتر ہوتی ہے۔ اس لیے ماہرین طالب علموں کو  رات میں مکمل نیند کرنے کی تاکید کرتے ہیں۔

حافظے میں بہتری

ماہرین کے مطابق جب ہم سوتے ہیں ہیں تو ہمارا حافظہ کچھ امور سرانجام دیتا ہے، ان میں سب سے اہم  حافظے میں موجود معلومات  کو درست انداز میں محفوظ کرنا اسی طرح اضافی معلومات کو بھلادینا۔ چنانچہ بعض اوقات جب آپ نیند سے جاگتے ہیں تو آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ نیند کے دوران آپ کو کوئی بات یاد آئی تھی۔
 

شیئر: