Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طلبا نے کورونا وائرس مانیٹرنگ آلہ تیار کر لیا

غیر معمولی درجہ حرارت اور بخار وبائی مرض کورونا وائرس کی ایک عام علامت ہے۔۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی طلبا کے ایک گروپ نے ایسا آلہ تیار کیا ہے جو پبلک مقامات جیسے کلینک وغیرہ پر مریضوں کے پہنچتے ہی انہیں سکین کرتا ہے اور اگر ان کا ٹمپریچر غیر معمولی ہو تو فورا عملے کو الرٹ کر دیتا ہے۔
غیر معمولی درجہ حرارت اور بخار کورونا وائرس کی ایک عام علامت ہے۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یہ ڈیوائس درجہ حرارت معلوم کرنے کے فورا بعد اسے سینیٹائزنگ کے عمل سے جوڑتی ہے، جس میں موجود الٹراوائلٹ لائٹ والٹ، موبائیل فون جیسی اشیا کو سینیٹائز کرنے میں مدد دیتی ہے۔
صنعتی الیکڑانکس اور انجینئرنگ کی تعلیم سے وابستہ طالب علم عادل التوبیتی نے کہا کہ ’ٹیم وبائی مرض کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد کرنے کی خواہش کی وجہ سے اس پر کام کرنا چاہتی تھی‘۔
ٹیلی کام اینڈ الیکڑانکس کالج کے طلبا نے یہ آلہ گریجویشن پروجیکٹ کے طور پر تیار کیا ہے، طلبا کے پروفیسر السوریہی نے الاخباریہ ٹی وی کو بتایا کہ ’وہ (طلبا) کسی ایسی چیز پر کام کرنا چاہتے تھے جو لوگوں کے خدمت کے لیے کارآمد ثابت ہو سکے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘صحت کے عام اصولوں کو یقینی بنانا اب بے حد ضروری ہو گیا ہے، ذاتی طور ہر جانچ کرنے کے روایتی طریقوں کی جگہ کچھ ایسی چیزوں کا استعمال کرنا چاہیے جو زیادہ مناسب ہو‘۔
ٹیم کے مطابق اس منصوبے کو دو ماہ میں مکمل کیا گیا ہے اور اب یہ مارکیٹنگ اور فروخت کے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی محکمہ صحت کے حکام نے کورونا وائرس سے متعلق 4 اموات کی تصدیق کی تھی۔

شیئر: