Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد عالم: ’یہ میرا گراؤنڈ ہے، میں ہوں یہاں کا جے کانت شکرے‘

فواد عالم نے چھکے کے ساتھ اپنے سنچری مکمل کی (فوٹو: عبدالغفار ٹوئٹر)
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑائی تو شائقین کرکٹ کو امید تھی کہ میچ کے دوسرے روز فواد عالم اور اظہر علی اسے سنبھال لیں گے، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے فواد عالم نے شائقین کی یہ توقع اس وقت پوری کر دی جب انہوں نے مشکل وقت میں سنچری بنائی۔
ایک اونچے شاٹ کے ذریعے گیند کو باؤنڈری کا راستہ دکھا کر سنچری مکمل کرنے والے فواد عالم کے 100 رنز پورے ہوئے تو میچ کے دوسرے روز صبح سے ہی ان کی بیٹنگ کے انداز کی تعریف کرتے سوشل میڈیا نے دل کھول کر انہیں سراہا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف جاری کرکٹ میچ اور اپنے نام پر ہونے والی بحث کی وجہ سے ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بن جانے والے فواد عالم کی سنچری اننگز پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے ان کے ہوم گراؤنڈ کا ذکر کیا تو لکھا کہ ’یہ میرا گراؤنڈ ہے، اور میں ہوں یہاں کا جے کانت شکرے‘۔
فواد عالم نے چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی تو اسی دوران سوشل میڈیا پر انہیں سراہنے والوں نے دل کھول کر ان کے کھیل اور کارکردگی کی تعریف کی، کچھ صارفین موقعے کا فائدہ اٹھا کر ان سلیکٹرز پر تنقید بھی کر گئے جو خاصا عرصہ انہیں قومی ٹیم میں نہیں لائے۔

گذشتہ کچھ عرصے میں قومی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے تنقید کا شکار رہنے والے ہیڈ کوچ اور سابق چیف سلیکٹر مصباح الحق بھی فواد عالم کی سنچری کی وجہ سے گفتگو کا موضوع بنے، البتہ ماضی کی طرح تنقید کے بجائے اس مرتبہ یہ کہہ کر ان کی تعریف کی گئی کہ وہ فواد عالم کو طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپس لائے ہیں۔

رواں ماہ جنوری کے شروع میں فواد عالم پی سی بی کی جانب سے سال کی بہترین انفرادی کارکردگی پر کرکٹ بورڈ سے ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ یہ ایوارڈ انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سنچری کرنے پر دیا گیا تھا۔

220 گیندیں کھیل کر آٹھ چوکوں اور دو چوکوں کی مدد سے فواد عالم نے ایک ایسے وقت میں سنچری اننگز کھیلی جب قومی ٹیم کے ابتدائی چار بلے باز محض 27 کے مجموعے پر ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پویلین لوٹ چکے تھے۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز کے کیریئر کی یہ تیسری جب کہ ہوم گراؤنڈ پر بنائی گئی پہلی سنچری ہے۔

شیئر: