Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ کے دوسرے دن فواد عالم کی شاندار سنچری

میچ کے پہلے دن کے آخری سیشن میں پاکستان کے چار ابتدائی کلاڑی صرف 27 رنز پر پویلین لوٹے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کراچی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 88 رنز کی برتری حاصل کی ہے۔
بدھ کے روز پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنا لیے ہیں۔
فواد عالم نے 220 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ یہ ان کی ٹیسٹ کیریئر کی تیسری اور ہوم گراؤنڈ پر پہلی سنچری ہے۔ وہ 109 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
 
اس سے پہلے محمد رضوان کے 33 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد فہیم اشرف نے آ کر فواد عالم کے ساتھ اینڈ سنبھالا۔ 
بدھ کو پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور فواد عالم نے گزشتہ روز کی پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے کا آغاز کیا۔ 33 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے دن کا آغاز کرنے بعد کھانے کے وقفے تک پاکستانی ٹیم نے 104 رنز بنائے تھے۔
کھانے کے وقفے کے بعد اظہر علی نے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ انہوں نے 51 رنز بنانے کے لیے 151 گیندوں کا سامنا کیا۔ اظہر کی اننگز میں چار چوکے بھی شامل تھے۔ ان کو مہاراج کی گیند پر وکٹ کیپر ڈیکاک نے کیچ آؤٹ کیا۔ 
کھیل کے پہلے دن کے آخری سیشن میں پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں نے بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا اور 27 رنز پر ہی چار آوٹ ہو گئے تھے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز ہی بنا سکی۔ پروٹیز کی جانب سے اوپنر ڈین الگر نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے۔ جبکہ پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: