Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میڈیا بریفنگ دینا میرا کام ہے‘ شبلی فراز نے شبہاز گِل کو روک دیا

صحافیوں کے مطابق شبلی فراز نے کہا کہ بریفنگ دینا ان کا کام ہے (فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کو میڈیا بریفنگ دینے سے روک دیا۔
دونوں حکومتی رہنماؤں کے درمیان کچھ جملوں کے تبادلے کے بعد شہباز گِل واپس کمیٹی روم میں چلے گئے۔
تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات شبلی فراز میڈیا کو بریف کرنے کے لیے نکلے تو معاون خصوصی شہباز گل پہلے ہی وہاں موجود صحافیوں کو بریف کر رہے تھے۔

 

اس پر شبلی فراز نے شہباز گل کو صحافیوں سے بات کرنے سے روک دیا۔
پارلیمنٹ میں موجود صحافیوں کے مطابق شبلی فراز نے شہباز گل سے کہا کہ ’میں پریس کانفرنس کرنے جارہا ہوں۔‘ اس پر شہبازگل نے کہا کہ ’میں صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہا ہوں۔‘
 صحافیوں کے مطابق شبلی فراز نے کہا کہ ’یہ ان کا کام ہے۔ شہباز گل ایسا نہیں کر سکتے۔ ’آپ بھی میرے ساتھ پریس کانفرنس میں آجائیں۔‘
اس دوران جب شبلی فراز نے شہباز گل سے کہا کہ اجلاس کے فیصلوں کی ’میں بریفنگ دوں گا‘ تو شہباز گل نے جواب دیا کہ ’آپ غصہ کیوں کر رہے ہیں؟‘
 صحافیوں نے جب اس معاملے پر شہباز گل سے بات کرنا چاہی تو وہ واپس مڑگئے اور کوئی جواب نہیں دیا۔

شیئر: