Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت کی سی پیک میں ممکنہ سرمایہ کاری: پاکستانی حکام سے تبادلہ خیال

کویت کے نائب وزیر خارجہ سے وفد کے ہمراہ پاکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی (فوٹو: وزارت خارجہ)
کویت کے نائب وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور علی سلیمان آل سعید نے اسلام آباد کے دورے کے موقعے پر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود سمیت دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویت کے نائب وزیر خارجہ نے اسلام آباد کا چار روزہ دورہ کیا۔
وزارت خارجہ  کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اپنے کویتی ہم منصب  کے ساتھ  نومبر 2020 میں نائجر میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ  کونسل کے موقع پر ملاقات کے پس منظر میں ہوا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا یہ تیسرا دور تھا۔
جو کویت کے نائب وزیر خارجہ اور سفیر خالد ایچ میمن کی زیر صدارت ہوا۔
اس سیاسی مشاورت میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور، فوڈ سکیورٹی، زراعت، پولٹری، لائیو سٹاک، سیاحت اور تیل کی تلاش سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
بیان کے مطابق دونوں ممالک کے عہدیداروں کے درمیان پاکستان میں سی پی پیک منصوبوں میں کویت کی ممکنہ سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کویت کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ کے علاوہ وزیر داخلہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ اور معاشی امور کی وزارت کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔
پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر تعلقات ہیں۔

گذشتہ برس پاکستان سے ڈاکٹروں سمیت طبی عملہ کویت گیا تھا (فوٹو: ان سپلیش)

پاکستان کے صدر نے اکتوبر 2020 میں سابق کویتی امیر کے انتقال کی تعزیت کے لیے کویت کا دورہ کیا تھا۔
اس سے قبل مئی 2019 میں وزیر خارجہ شاہ محمود نے کویت کا دورہ کیا تھا۔
پاکستان کے کویت کے ساتھ برادرانہ تعلقات اس وقت مزید مستحکم ہوئے جب وبا کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے صحت اور فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں بھرپور تعاون کیا گیا۔
کویت خلیج تعاون کونسل میں ایک اہم ملک ہے۔ کویت کی قیادت نے خلیج تعاون کونسل کے ممبر ممالک کے درمیان اختلافات کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان اور بین الاقوامی برادری نے کویت کے اس کردار کو سراہا ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں