Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈینیئل پرل کیس میں انصاف قانونی ذرائع کے ذریعے ہونا چاہیے: شاہ محمود قریشی

شاہ محمود نے امریکی سکریٹری خارجہ کو پرل کیس میں حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکریٹری خارجہ انتھونی بلنکن کو بتایا کہ یہ بہت ہی اہم اور دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کہ امریکی صحافی ڈینیئل پرل کیس میں انصاف قانونی ذرائع کے ذریعے ہو۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکریٹری خارجہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
 
شاہ محمود قریشی نے سکریٹری خارجہ کو ڈینیئل پرل کیس میں حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
دوسری جانب امریکی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق انتھونی بلنکن نے شاہ محمود قریشی سے گفتگو میں اس پر بات کی کہ کیسے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اعوا اور گرفتاری میں ملوث ’سزایافتہ دہشت گرد احمد سعید شیخ‘  اور دیگر کو سزا دلوائی جائیں؟
بیان کے مطابق انہوں نے ڈینیئل  پرل کیس میں پاکستانی سپریم کورٹ کی رولنگ اور اس کیس میں قید افراد کی ممکنہ رہائی کے حوالے سے امریکہ کی تشویش کو دہرایا۔
پاکستان کی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ جامع شراکت داری کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کے متمنی ہیں۔ ’ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان میں پرتشدد واقعات میں کمی لائی جائے تاکہ افغان مسئلے کے پرامن سیاسی حل کی راہیں ہموار ہوں۔‘

شیئر: