Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے باعث نجی سکولوں کے 45 فیصد بچے سرکاری تعلیمی اداروں میں منتقل

نجی کنڈر گارٹن میں 90 فیصد بچے سرکاری سکولوں میں گئے ہیں۔( فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے نجی تعلیم و تربیت کے چیئرمین عبد العزیز الفہد نے کہا ہے کہ نجی سکولوں میں لگ بھگ 45 فیصد اور نجی کنڈر گارٹنز میں 90 فیصد بچے سرکاری سکولوں میں منتقل ہوگئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکہ اخبار نے عبد العزیز الفہد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس رجحان کی کوویڈ- 19 وبائی مرض کو قرار دیا گیا جو اب بھی اس شعبے کو متاثر کر رہی ہے۔
سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے نجی تعلیم و تربیت کے چیئرمین نے یہ بات الشرقیہ چیمبر کے زیر انتظام مملکت کی نجی تعلیم کے بارے منعقد ہونے والے ایک ویبنار کے دوران کہی۔  
عبد العزیز الفہد نے کہا کہ کچھ نجی سکولز جن کے آپریشنز رک گئے تھے اگر نئے سال تک فاصلاتی تعلیم کا سلسلہ جاری رہا تو وہ مارکیٹ سے باہر نکل سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طویل بحران نجی تعلیم اور تربیت کی سہولتوں میں ’ تباہ کن اثرات‘ کا باعث بنے گا۔
موجودہ صورتحال میں نجی تعلیمی اداروں کا ضم ہونا سب سے موزوں انتخاب ہے تاکہ نقصانات رک سکیں۔ قومی سہولتوں اور سرمایہ کاروں کے فنڈز کا تحفظ ہوسکے۔
سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے نجی تعلیم و تربیت کے چیئرمین عبد العزیز الفہد نے کہا کہ مملکت میں ایک ہزار 600 نجی تعلیم اور تربیت کی سہولتیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے اس تعداد کو کم سے کم ایک تہائی تک کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے تاکہ ایسی ٹھوس سہولتیں فراہم کی جائیں جس سے  مشکل حالات کا سامنا ہو سکے۔

شیئر: