Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پٹھو گرم‘ کس کس نے کھیلا؟ کرکٹر جنید خان کے سوال پر دلچسپ تبصرے

پٹھو گرم آج بھی بچے دیہی علاقوں میں کھیلتے ہیں (فوٹو: سپورٹز ڈاٹ ان)
دیہی زندگی میں تقریبا ہر پاکستانی بچے ایسے کھیل ضرور کھیلتے ہیں جو قومی سطح پر تو اتنے مشہور نہیں ہوتے لیکن مقامی سطح پر کافی دلچسپی سے کھیلے جاتے ہیں۔
پاکستان میں مقبول مقامی کھیلوں میں سے ایک ’پٹھو گرم‘ بھی ہے  جس کے متعلق پاکستانی کرکٹر جنید خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال پوچھا کہ کس نے بچپن میں یہ کھیل کھیلا، تو جواب میں ایک اور پاکستانی کرکٹر عمر گل اور دیگر صارفین کے تبصروں نے دلچسپ گفتگو کی شکل اختیار کر لی۔
خیبر پختونخوا کے کئی دیہی علاقوں میں ’پٹھو گرم‘ نامی کھیل ربڑ کی گیند اور پانچ چپٹے پتھروں کو اوپر نیچے رکھ کر کھیلا جاتا ہے۔ بعض علاقوں میں بچے ہارنے والوں کو چپل یا جوتے سے نشانہ بناتے ہیں۔
پاکستانی کرکٹر عمر گل نے جواب میں لکھا کہ ’آپ بھی ان کے ساتھ یہ کھیل کھیل لیتے‘۔ جس کے جواب میں جنید خان کا کہنا تھا کہ ہمارے زمانے میں جوتے ہلکے ہوا کرتے تھے اب کافی وزنی جوتے ہوتے ہیں۔

گفتگو کا سلسلہ آگے بڑھا تو ٹوئٹر صارفین  اپنے بچپن کو یاد کرتے ہوئے اپنے علاقائی کھیلوں کا ذکر کرتے رہے۔
ٹوئٹر صارف حسنین سلیمان نے لکھا کہ کیا یاد دلا دیا جنید بھائی!
گفتگو کا حصہ بننے والے صارفین اس کھیل کے متعلق اپنے تجربات بھی بتاتے نظر آئے، ٹوئٹر ہینڈل عبدالغنی سے لکھا گیا کہ ’موسم گرما میں یہ کھیل ہماری پہلی ترجیح تھا کیونکہ یہ ایک درخت کے نیچے کھیلا جاسکتا ہے تاہم، چمڑے کے جوتوں پر پابندی عائد تھی۔‘

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے گفتگو میں مزاح کا رنگ ڈالا اور جنید خان سے کہتے نظر آئے کہ اور آخر میں چپل کس کس کو پڑے ہیں؟ آپ نے یہ نہیں پوچھا۔
پٹھو گرم سے شروع ہونے والی گفتگو پاکستانی کرکٹر جنید کے ٹیم میں سلیکٹ نہ ہونے پر اس وقت آئی جب مداحوں نے جنید خان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ کہنا شروع کر دیا کہ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں ان کی کمی محسوس کر رہے ہیں جبکہ کچھ صارفین جنید خان کے انڈیا کے میدان میں انڈین کپتان وراٹ کوہلی کو آؤٹ کیے جانے کو بھی یاد کرتے نظر آئے۔
صارفین کا کہنا تھا کہ وہ امید کر رہے ہیں کہ جنید خان جلد قومی کرکٹ ٹیم میں کم بیک کریں گے۔

شیئر: