Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر ٹرمپ اور صدر پوتن کا مصافحہ، ساری دنیا کی نظریں چین پر جَم گئیں

روسی صدر ولادیمیر پیوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چین کے شہر شینژین میں آمنا سامنا ہوا (فوٹو: روئٹرز)
روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز چین کے شہر شینژین میں مصافحہ کیا۔ اگست 2025 میں امریکی ریاست الاسکا میں سربراہی اجلاس کے بعد یہ دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات تھی، جو ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (ایپک) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ملاقات ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب صدر پوتن چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کر چکے ہیں، جبکہ جمعرات کو چین کے اِس جنوبی شہر میں تینوں رہنماؤں کی تاریخی سہ فریقی ملاقات بھی ہونے جا رہی ہے۔
اِس سہ فریقی اجلاس نے اِن خدشات کو جنم دیا ہے کہ تینوں رہنما یوکرین اور یورپی ممالک کو اعتماد میں لیے بغیر یوکرین کے مستقبل سے متعلق فیصلے کر سکتے ہیں اور دنیا کو نئے عالمی بلاکس میں تقسیم کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ امریکہ نے ابتدا میں یہ عندیہ دیا تھا کہ یوکرین کا معاملہ زیرِ بحث نہیں آئے گا، تاہم بعد میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ موضوع اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہوگا۔
روسی حکام کے مطابق صدر شی جن پنگ اور صدر پوتن کی ملاقات میں توانائی اور مالیاتی امور پر بات چیت متوقع تھی، جس کے بعد محدود سطح پر خارجہ پالیسی کے معاملات، بالخصوص یوکرین اور شمالی کوریا کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال ہونا تھا۔ رواں سال یہ دونوں رہنماؤں کی پانچویں ملاقات ہے۔
صدر شی جن پنگ نے دونوں ممالک کی حکومتوں، پارلیمانوں، افواج اور سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کے علاوہ مصنوعی ذہانت اور آزاد تجارت کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین پر روس کے 2022 کے حملے کے بعد مغربی ممالک کی جانب سے عائد پابندیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں روس کی ترقی روکنے میں ناکام رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد فلپائن سے چین پہنچے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)

لیکن شینژین میں ہی موجود کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے کہا کہ جب تک جنگ جاری رہے گی، روس پر عائد پابندیاں مزید سخت کی جائیں گی۔
صدر ٹرمپ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد فلپائن سے چین پہنچے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ’وہ صدر پوتن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ الگ الگ انفرادی ملاقاتیں کرنا چاہتے ہیں۔‘ تاہم امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کم جونگ اُن کے ساتھ اُن کی ممکنہ ملاقات کی تفصیلات کی تصدیق نہیں کی۔
آسیان ممالک کے سربراہی اجلاس پر تجارتی کشیدگی کے سائے منڈلاتے رہے۔ صدر ٹرمپ نے وعدہ کیا کہ امریکہ آئندہ دس ماہ کے اندر نایاب زمینی عناصر کی پیداوار میں چین کے برابر آ جائے گا۔ دوسری جانب چین کے وزیرِاعظم لی چیانگ نے تحفظ پسند تجارتی پالیسیوں پر تنقید کی اور آسیان ممالک کے ساتھ چین کی بڑھتی ہوئی تجارت کو نمایاں کیا۔

شیئر: