Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ٹی20: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان تین رنز سے فتح یاب

محمد رضوان تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر بلے باز ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد تین رنز سے ہرا دیا ہے۔
پاکستان نے  پروٹیز کو 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پروٹیز کی طرف سے جینیمن ملان اور ریضا ہنڈرکس نے اننگز کا دھویں دار آغاز کیا لیکن ملان 44 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
 
 
اس کے بعد جیکس سنمن بھی عثمان قادر کی گوگلی کا نشانہ بنے اور بولڈ ہو گئے۔
تجربہ کار بلے باز ڈیوڈ ملر بھی پاکستانی بالرز کے آگے چل نہ سکے اور صرف چھ رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ہینرک کلاسن بھی 12 رنز ہی بنا پائے، انہیں حارث روف نے آؤٹ کیا۔ جبکہ ہنڈرکس  54 رنز بنا کر رضوان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔ 
فیلوکواو بھی 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تاہم ڈوین پریٹوریس اور فورٹون نے اپنی ٹیم کو میچ جتوانے کی آخری حد تک کوشش کی لیکن فہیم اشرف نے آخری اوور میں 19 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا۔

ملان 44 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی طرف سے عثمان قادر اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل گرین شرٹس کی طرف سے محمد رضوان نے شاندار سنچری سکور کی اور 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں سات چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ 
وہ برینڈن میکولم کے بعد تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے دنیا کے دوسرے اور پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر بلے باز بن گئے ہیں۔
جبکہ اس میچ میں بھی پاکستانی اوپنرز کی ناکامی کا سلسلہ جاری رہا اور پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی بابر اعظم رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد محمد رضوان اور حیدر علی نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا، لیکن حیدر صرف 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد حیسن طلعت بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور 15 رنز بنا کر شمسی کی گیند پر سٹیمپ آؤٹ ہو گئے۔
افتخار احمد بھی صرف چار رنز بنا پائے اور فورٹون کا نشانہ بنے۔ خوشدل شاہ بھی 12 رنز ہی بنا پائے اور سمپالا کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
جبکہ فہیم اشرف چار رنز بنا کر فیلوکواو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بابر اعظم پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی رن آؤٹ ہو گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جنوبی افریقہ کی طرف سے فیلوکواو نے دو وکٹیں حاصل کی۔
تین ٹی20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پروٹیز کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں جمعرات کو کھیلے جا رہے میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس ہارنے کے بعد کہا کہ میچ میں ہمارے دو اہم باولر نہیں ہیں، ٹی20 میچ میں جلد فیصلے کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے تاریخی فتح کے بعد گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم حریف جنوبی افریقہ کے مقابلے میں فیورٹ بھی ہے کیونکہ پروٹیز نے ٹی20 سیریز میں بالکل نئی ٹیم اتاری ہے۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے ساتھ سیریز کے لیے ٹی20 میچز میں اپنے سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بعد میں ان کی آسٹریلیا کے ساتھ سیریز بھی منسوخ ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کے سکواڈ میں موجود سب سے تجربہ کار کھلاڑی ڈیوڈ ملر کا کہنا ہے کہ ’ان کی ٹیم کافی دباؤ میں ہو گی۔‘
تاہم جنوبی افریقہ کی ٹیم آج تک پاکستان سے ٹی20 سیریز نہیں ہاری ہے۔
دوسری طرف پاکستان ٹیم کے لیے یہ سیریز اس حوالے سے بھی فائدہ مند رہے گی کہ کھلاڑیوں کو 20 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے لیے تیاری کا موقع مل جائے گا۔
 
 

شیئر: