Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ: پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی نے امیدواروں کے نام فائنل کر لیے

فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ تحریک انصاف نے امیدواروں کے نام فائنل کر لیے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے نام فائنل کر لیے ہیں۔
سینیٹ انتخابات کے لیے قائم کیے گئے پارلیمانی بورڈ کے رکن و وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر لکھا ’تحریک انصاف نے سینٹ کی زیادہ تر نشستوں پر اپنے امیدواروں کے نام فائنل کر لیے ہیں اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کو تحریک انصاف کی امیدوار کے طور پر فائنل کیا گیا ہے۔‘  
رکن قومی اسمبلی و وفاقی وزیر فیصل واوڈا بھی سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کے مطابق ’سندھ سے فیصل واوڈا سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے اور ٹیکنو کریٹ نشست پر سیف اللہ ابڑو تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے جبکہ بلوچستان سے عبدالقادر کا نام فائنل کیا گیا ہے۔‘ 
واضح رہے کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں دوہری شہریت چھپانے کے حوالے سے درخواست زیر سماعت ہے، جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی وزیر کو جرمانہ بھی کیا جا چکا ہے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل واوڈا کے وکیل سے دوہری شہریت رکھنے سے متعلق جواب طلب کر رکھا ہے۔  
فیصل واوڈا پر الزام ہے کہ انہوں نے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت دوہری شہریت سے متعلق غلط بیان حلفی جمع کروایا تھا۔  
تحریک انصاف نے پنجاب سے پارٹی کے منتظم اعلیٰ سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر کو بھی سینیٹ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبر پختونخوا سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر اور محسن عزیز کو حتمی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر امیدواران کا اعلان بعد میں کیا جائے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے بھی سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار؟ 

پی پی پی میڈیا سیل کے مطابق سندھ سے جنرل نشستوں پر جام مہتاب ڈاہر، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان اور شہادت اعوان پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔
ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر فاروق نائیک، شہادت اعوان اور کریم خواجہ جبکہ خواتین کی نشستوں پر پلوشہ خان، خیرالنسا مغل اور رخسانہ شاہ امیدوار ہوں گی۔
پنجاب کی جنرل سیٹ پر عظیم الحق منہاس جبکہ خیبر پختونخوا سے فرحت اللہ بابر کا نام پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار کے طور پر تجویز کیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کا نام اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار کے طور پر تجویز کیا ہے۔
سعدیہ عباسی اور پرویز رشید مسلم لیگ ن کے امیدوارواں میں شامل
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے سینٹ میں پارٹی ٹکٹ کے لئے ناموں کو حتمی شکل دے دی۔

پنجاب سے خواتین کی نشست پر بیرسٹر سعدیہ عباسی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق پارلیمانی بورڈ نے صوبہ پنجاب سے پارٹی کے پانچ رہنماؤں کے ناموں کی منظوری دے دی۔
ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پراعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ جنرل سیٹ پر پرویز رشید، مشاہداللہ خان اور پروفیسر ساجدمیر مسلم لیگ ن کے امیدوار ہوں گے۔
پنجاب سے خواتین کی نشست پر بیرسٹر سعدیہ عباسی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  
مریم اورنگزیب کے مطابق خیبرپختونخوا کی مقامی تنظیم صوبے سے سینٹ میں پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرے گی۔

شیئر: