Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: کورونا کے خلاف حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر قید اور جرمانہ ہو گا

متعدی بیماری میں مبتلا ہونے والے افراد کو اپنے قریبی رابطے میں رہنے والوں کے ہمراہ وزارت صحت کو آگاہ کرنا ہو گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے فیڈرل پبلک پراسیکیوشن نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کی دانستہ خلاف ورزی پر قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے۔‘
ایمریٹس نیوز ایجنسی کے مطابق جمعرات کو حکام نے اس حوالے سے دو وفاقی قوانین کا حوالہ دیا ہے۔
پہلے قانون کے مطابق متعدی بیماری میں مبتلا ہونے والے افراد کو اپنے قریبی رابطے میں رہنے والوں کے ہمراہ وزارت صحت کو آگاہ کرنا ہو گا، تاکہ ان کا علاج ہو سکے اور انہیں حفاظتی تدابیر پر بھی عمل کرنا ہو گا۔

 

اسی طرح دوسری قانونی دفعہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل یا 27 سو 22 ڈالر سے لے کر 13 ہزار 612 ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
پبلک پراسیکیوشن کا مزید کہنا ہے کہ ’عوام میں قانونی معاملات کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے ان قوانین سے متعلق معلومات شیئر کی جا رہی ہیں۔‘
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب تک کورونا وائرس کے تین لاکھ 61 ہزار آٹھ سو 77 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ان میں سے تین لاکھ 47 ہزار تین سو 66 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 73 ہے۔

شیئر: