Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں فائرنگ: تین پولیس اہلکار اور تین عسکریت پسند مارے گئے

پولیس پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروپ نے قبول نہیں کی (فوٹو: اے ایف پی)
حکام کے مطابق انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں عسکریت پسندوں نے دو پولیس افسروں کو ہلاک کیا ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’ایک دوسرے واقعے میں فائرنگ کے تبادلے میں تین مشتبہ عسکریت پسند اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔‘
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ واقعہ غیر ملکی سفیروں کے دورہ کشمیر کے ایک روز بعد پیش آیا۔ دہلی میں تعینات غیر ملکی سفیروں نے کشمیر کا دو روزہ دورہ کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ’عسکریت پسندوں نے سری نگر شہر میں پولیس سٹیشن کے قریب دو پولیس افسران پر فائرنگ کی۔ دونوں افسران نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک شخص نے روایتی لباس پہنا تھا اور پولیس افسر پر فائرنگ کرنے کے بعد فوراً ہی جائے واردات سے  فرار ہو گیا۔
پولیس اور فوجیوں نے علاقے کی تلاشی لی اور بعد میں پوچھ گچھ کے لیے ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا۔
اس حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔
انسپکٹر جنرل وجے کمار کے مطابق ’ایک اور واقعے میں جنوبی ضلع شوپیاں میں پولیس اور فوجیوں کے مشترکہ آپریشن کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں تین عسکریت پسند مارے گئے۔
وجے کمار کا کہنا ہے کہ ’عسکریت پسندوں سے دو رائفلز اور پستول برآمد ہوئے ہیں۔‘
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ فورسز نے ایک شہری کے گھر کو دھماکے سے اڑانے کے لیے بارودی مواد کا استعمال کیا۔‘
فائرنگ کے تبادلے کے ایک اور واقعے میں شدت پسندوں نے ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کیا جبکہ ایک اور پولیس اہلکار کو جنوبی بیروہ میں زخمی کر دیا۔‘

شیئر: