Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی شاہی خاندان سے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی باضابطہ علیحدگی

شہزاہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن مرکل کے ساتھ کیلی فورنیا میں رہائش پذیر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بکنگھم پیلس نے کہا ہے کہ ’شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان سے باضابطہ طور پر علیحدگی اختیار کر لی ہے۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بکنگھم پیلس نے کہا ہے کہ ’سابق شاہی جوڑے نے ملکہ الزبتھ کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ شاہی خاندان کے فعال ارکان کی حیثیت سے واپس نہیں آئیں گے۔‘
جنوری 2020 میں ہیری اور میگھن نے اچانک شاہی خاندان سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ’وہ اٹلانٹک کے اس پار نئے مستقبل کا آغاز کر رہے ہیں۔‘
دونوں نے علیحدگی کا اعلان 94  برس کی ملکہ برطانیہ سے بات چیت کے بعد کیا گیا۔
اس علیحدگی کے بعد شاہی جوڑا اعزازی فوجی تقرریوں اور شاہی سرپرستی سے بھی دست بردار ہوگا جس کو بعد میں شاہی خاندان کے دیگر افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔
بکنگھم پیلس نے مزید کہا ہے کہ ’شاہی جوڑے کے فیصلے سے سب افسردہ ہوئے ہیں تاہم ڈیوک اور ڈچز آف سسکس خاندان کے محبوب افراد رہیں گے۔‘
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے سے متعلق اپنی خاموشی اگلے ماہ اوپرا ونفرے کے پروگرام میں توڑیں گے۔
گذشتہ برس ملکہ برطانیہ کے ساتھ کیے گئے ایک معاہدے کے تحت شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو شاہی فرائض کی انجام دہی سے آزادی ملی تھی، دونوں اس بات پر متفق ہوئے تھے کہ ’شاہی‘ لفظ اپنی برانڈنگ کے لیے استعمال نہیں کریں گے۔

شہزادہ ہیری برطانوی ولی عہد چارلس کے دوسرے بیٹے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

دی رائل میرینز، آر اے ایف ہوننگٹن، رائل نیوی سمال شپس اینڈ ڈائیونگ اور ملکہ کے دولت مشترکہ کے ٹرسٹ، دی رگبی فٹ بال یونین، دی رگبی فٹ بال لیگ اور دی رائل نیشنل تھیٹر سے بھی اس جوڑے کا تعلق ختم ہو جائے گا۔
 گذشتہ برس 36 سالہ شہزادہ ہیری اور 39 سالہ میگھن مارکل خود مختار زندگی گزارنے اور برطانوی میڈیا سے بچنے کے لیے اپنے بیٹے آرچی کے ساتھ جنوبی کیلی فورنیا منتقل ہو گئے تھے۔
اتوار کو انہوں نے اعلان کیا تھا کہ میگھن پھر سے حاملہ ہیں۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری برطانوی ولی عہد چارلس کے دوسرے بیٹے ہیں۔

شیئر: