Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا مارچ تک ویزوں کی یقین دہانی کرائے، نہیں تو ورلڈکپ کی منتقلی کا مطالبہ‘

احسان مانی کے مطابق آئی سی سی کے پلان میں متحدہ عرب امارات میں ایونٹ کروانے کا متبادل پلان موجود ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ مارچ تک اگر انڈیا نے کھلاڑیوں اور پاکستانی تماشائیوں کو ویزے دینے کی تحریری یقین دہانی نہ کروائی تو رواں برس ہونے والا ٹی 20 ورلڈ کپ انڈیا سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا مطالبہ کریں گے۔  
کرک انفو کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت نے ہمیں کبھی انڈیا میں کھیلنے سے منع نہیں کیا اور پاکستان یہ یقین دہانی کرا چکا ہے ہم انڈیا میں کھیلیں گے لیکن اس کے لیے ہمیں کھلاڑیوں سمیت بورڈ آفیشلز، صحافیوں اور تماشائیوں کے لیے ویزے جاری کرنے کی تحریری یقین دہانی دینا ہوگی۔‘  

 

احسان مانی نے کہا کہ انڈیا کو دسمبر کے آخر تک یہ یقین دہانی دینی تھی تاہم اگر مارچ تک انڈیا کی جانب سے ویزوں کی یقین دہانی نہیں کروائی گئی تو ہم آئی سی سی سے ٹی 20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ 
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 میں آسٹریلیا میں کھیلا جانا تھا تاہم کورونا وبا کے باعث ایونٹ کو موخر کر دیا گیا۔ نئے شیڈول کے مطابق 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی انڈیا کو دی گئی ہے جبکہ 2022 میں آسٹریلیا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔  
احسان مانی کے مطابق آئی سی سی کے پلان میں متحدہ عرب امارات میں ایونٹ کروانے کا متبادل پلان موجود ہے، ’اگر انڈیا کسی وجہ سے ایونٹ کروانے میں ناکام ہوا تو متحدہ عرب امارات میں عالمی مقابلہ کروایا جائے گا۔‘  
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر میں انڈیا میں شیڈول ہے جہاں پاکستان سمیت 16 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مرتبہ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 2012 میں انڈیا میں کھیلی گئی تھی۔  
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ سیریز تعطل کا شکار ہے تاہم دونوں ٹیمیں آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلتی ہیں۔  

شیئر: