Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گولف چیمپیئن ٹائیگر وڈز کار حادثے میں شدید زخمی

ایک افسر کے مطابق ٹائیگر وڈز تیز رفتار میں گاڑی چلا رہے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کے مشہور گولفر ٹائیگر وڈز کی ایک بڑے حادثے میں ٹانگوں پر شدید چوٹ آئی ہے جس بعد ان کی سرجری ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو ٹائیگر وڈز کی گاڑی امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں حادثے کا شکار ہوئی جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے حکام کا کہنا تھا کہ وہ 'بہت خوش قسمت' ہیں کہ بچ گئے۔
لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف ایلکس ولینوا کا کہنا ہے کہ ’صبح سویرے ہونے والے اس حادثے کے وقت ٹائیگر وڈز نشے میں نہیں تھے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ حادثے میں کوئی دوسری گاڑی یا شخص متاثر نہیں ہوا، تاہم اس سڑک پر کئی بار حادثات ہو چکے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ٹائیگر وڈز اس سڑک پر تیز رفتار میں گاڑی چلا رہے تھے۔
جائے حادثہ پر پہنچنے والے پہلے افسر کارلوس گونزالیز کا کہنا ہے کہ 'میں کہوں گا کہ مسٹر وڈز اس سے زندہ نکل آنے پر بہت خوش قسمت ہیں۔' کارلوس گونزالیز نے ٹائیگر وڈز کو حادثے کے بعد پھنسا ہوا پایا تھا، تاہم وہ ہوش میں تھے اور اپنی شناخت کر پا رہے تھے۔
کاؤنٹی فائر چیف ڈیرل اوسبی نے ٹائیگر وڈز کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میرے خیال میں ان کی دونوں ٹانگوں کو کافی چوٹ پہنچی ہے۔'
آگ بجھانے کے عملے اور طبی کارکنان نےٹائیگر وڈز کو ان کی ایس یو وی سے نکال کر مقامی ہسپتال تک پہنچایا جہاں ان کی سرجری ہوئی۔

آگ بجھانے کے عملے اور طبی کارکنان نے ٹائیگر وڈز کو ان کی ایس یو وی سے نکال کر مقامی ہسپتال تک پہنچایا۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹائیگر وڈز نے اب تک گولف کی 15 بڑی چمپیئن شپس اپنے نام کی ہیں۔
حال ہی میں ان کی کمر کی پانچویں سرجری ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے آئندہ ہونے والی ساسٹرز کی چمپیئن شپ میں حصہ لینے پر غیر یقینی کا اظہار کیا تھا۔
45 سالہ ٹائیگر وڈز کو ان کے کھیل کی وجہ سے دنیا بھر میں بے حد سراہا جاتا تھا۔ تاہم 2009 میں انہیں ایک سکینڈل کا حصہ بنایا گیا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق انہوں نے اپنے فلوریڈا کے گھر کے باہر اپنی گاڑی ایک درخت اور فائر ہائڈرنٹ سے ٹکرا دی تھی۔ جس کے بعد ان کے خلاف کئی سکینڈل سامنے آئے جس سے ان کی شادی ختم ہوگئی اور ان کے کھیل میں زوال آنے لگا۔

شیئر: