Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہنواز دھانی کی تیز رفتار بولنگ کے چرچے

لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی کی بہترین کارکردگی سے صارفین خوش ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کا میلہ کراچی میں سج چکا ہے جہاں شائقین کرکٹ کو روز کچھ بہترین پرفارمنسز دیکھنے کو مل رہی ہیں۔
ایسی ہی پرفارمنس منگل کی رات ہونے والے میچ میں دیکھنے کو ملی جہاں پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی جس کے بعد شائقین نے ٹوئٹر کا رخ کیا، اور کھلاڑیوں کی بہترین کارگردگی کو دل کھول کر سراہا۔
لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی اپنی عمدہ کارگردگی کی بدولت صارفین کی داد حاصل کرتے ہوئے ٹوئٹر ٹرینڈ کا حصہ ہیں۔ ملتان سلطانز کی ٹیم میچ تو نہ جیت سکی لیکن شاہنوازکے ڈیبیو میں عمدہ کرگردگی کا ہر کوئی دیوانہ نظر آیا۔
ٹوئٹر صارف اویس توحید نے لکھا کہ ’پی ایس ایل میں میرے آبائی شہر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت کرکٹر شاہنوازدھانی کو دیکھ کر بہت اچھا لگا، اور انہوں نے جلد ہی وکٹ لے لی۔‘

فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کی تیز رفتاری کی تعریف کرتے ہوئے صارف اسرا رانا نے لکھا کہ ’اس نوجوان کے لیے دعا کریں، مجھے واقعی ان کی تیز رفتار بولنگ دیکھ کر لطف آیا۔‘

سوشل میڈیا صارفین جہاں شاہنواز کو سراہتے ہوئے دیکھائی دیے وہیں کچھ صارفین ان کو مستقبل میں اپنی کارگردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشورے دیتے ہوئے بھی دیکھائی دیے۔
ٹوئٹر ہینڈل امیر لبرا نے لکھا کہ ’ملتان سلطان کے ذریعے ایک اچھا بولر مل گیا، لیکن شاہنواز دھانی آپ کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ آخری اوورز میں باولنگ کو مزید کیسے بہتر کرسکتے ہیں۔ نیک تمنائیں۔‘

شاہنواز دھانی کی مسلسل کوشش اور محنت کا ذکر کرتے ہوئے ٹام بھائی نے لکھا کہ ’شاہنواز اس بات کی مثال ہیں کہ محنت کا صلہ ضرور ملتا ہے، آپ نے کامیابیوں کا طویل سفر طے کرنا ہے، آپ کو اور ہمت ملے۔‘

سوشل میڈیا صارفین یہ امید کرتے نظر آئے کہ پاکستان سپر لیگ کے ذریعے کرکٹ ٹیم کو اچھے کھلاڑی ملیں گے اور یہ بھی امید کرتے رہے کہ شاہنواز دھانی کو ان کی محنت کا صلہ ملے اور وہ جلد پاکستان کی نیشنل ٹیم میں ملک کی نمائندگی کریں۔

شیئر: