Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور زلمی ملتان سلطانز سے ٹکرانے کو تیار

پشاور زلمی جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ فائیو کے اگلے مرحلے میں کراچی میں میچز کھیلے جائیں گے جس کے لیے شہر قائد میں ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ پشاور زلمی کی ٹیم بھی کراچی پہنچ گئی ہے جہاں وہ 13 مارچ کو ملتان سلطانز سے مقابلہ کرے گی۔
کراچی میں اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی ملک کے مطابق بدھ کی صبح پشاور زلمی کی ٹیم اور انتظامیہ لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر ٹیم کے استقبال کے لیے مداح بھی موجود تھے۔
پشاور زلمی کی ٹیم جمعرات کو دن ایک بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کرے گی جس کے بعد ٹیم کے کھلاڑی میڈیا ٹاک بھی کریں گے۔

 

پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کا یہ میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں رات 8 بجے شروع ہوگا جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔
ملتان سلطانز پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ زلمی کے لیے اگلے مرحلے میں اپنی جگہ مستحکم کرنے کے لیے یہ میچ خاصا اہم ہے۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی پہلی، پشاور زلمی کی دوسری اور لگاتار تین میچ جیت کر سب کو حیران کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم کی تیسری پوزیشن ہے۔
منگل کو لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ایک سنسنی خیز مقابلے میں پشاور زلمی کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے 188 رنز کا عمدہ ہدف دیا تھا جسے لاہور قلندرز نے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

وہاب ریاض کے مطابق لاہور کا کراؤڈ بہت پرجوش تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لاہور نے بہت اچھا کھیل پیش کیا، اور لاہور کا کراؤڈ بھی بہت پرجوش تھا، انہیں لاہور میں کھیل کر اچھا لگا۔
پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن
پاکستان سپر لیگ فائیو کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 11 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ اس نے سات میں سے پانچ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، ایک میں اسے شکست ہوئی ہے جبکہ ایک میچ برابر رہا ہے۔
پشاور زلمی نے نو میچز کھیلے ہیں، چار میں اس نے فتح حاصل کی ہے، چار میں ہی اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ برابر رہا ہے۔ زلمی کے پاس 9 پوائنٹس ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کی دوسری پوزیشن ہے۔
شروع کے لگاتار تین میچز ہارنے والی لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن پر براجمان ہوگئی ہے۔ اس نے کل آٹھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے چار جیتے ہیں اور چار میں ہی اسے شکست ہوئی ہے۔ اس طرح قلندرز کے 8 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔
دو مرتبہ کی پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن ہے۔  اسلام آباد نے نو میں سے صرف تین میچز جیتے، پانچ ہارے جبکہ اس کا ایک میچ برابر رہا ہے۔ اس طرح اس کے سات پوائنٹس ہیں۔

ملتان سلطانز پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی کنگز سات پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔ کراچی نے سات میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے تین میں کامیابی اور تین میں ناکامی ہوئی ہے جبکہ اس کا ایک میچ برابر رہا ہے۔
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لگاتار چار میچز ہارنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی اور آخری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ آٹھ میچز کھیلنے کے بعد اس کے چھ  پوائنٹس ہیں۔ کوئٹہ نے صرف تین میچز جیتے ہیں جبکہ پانچ میں اسے شکست ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔

شیئر: