Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن میں جمعرات کی رات سے ہفتے کی صبح تک کرفیو

جمعے کی نماز کے لیے ایک گھنٹے کا وقفہ ہوگا( فائل فوٹو اے ایف پی)
حکومت اردن کے ترجمان  نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مصدقہ کیسز کے پیش نظر جمعرات کی رات دس بجے سے ہفتے کو صبح چھ بجے تک مکمل کرفیو لگایا جائے گا۔ 
اخبار 24 کے مطابق حکومتی ترجمان علی العاید نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وزیراعظم ڈاکٹربشر الخصاونہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ وبا سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ 
اردنی وزیراعظم نے حکم جاری کرکے کہا ہے کہ تمام لوگ سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔ سرکاری و نجی مراکز میں حفاظتی ماسک استعمال کیے جائیں۔ کورونا ایس او پیز کی پابندی کریں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کڑی سزائیں دی جائیں۔ 
وزیراعظم کے حکم کے مطابق سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے پر 20 دینار، ماسک نہ پہنے پر 60 سے سو دینار جرمانہ ہوگا جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے تجارتی ادارے پر کم از کم پانچسو اور زیادہ سے زیادہ ایک ہزار دینا رکا جرمانہ ہوگا۔
یہ جرمانہ پہلی خلاف ورزی پر وصول کیا جائے گا جبکہ دوسری خلاف ورزی پر ایک ہزار دینار جرمانہ اور 7 دن کے لیے ادارہ سیل کردیا جائے گا۔ 
وزیراعظم نے ایک اور حکم جاری کیا ہے جس کے تحت قہوہ خانوں میں شیشہ پیش کرنے پر چھ ماہ قید یا پانچسو سے ایک ہزار دینار جرمانہ  ہوگا دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں۔
پہلی بار خلاف ورزی پر قہوہ خانہ ایک ہفتے کے لیے بند ہوگااور دوسری بار خلاف ورزی پر دو ہفتے کے لیے سیل کردیا جائے گا۔ 
تعلیمی ادارے کو ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے پر تین ہزار دینار جرمانہ کیا جائے گا۔ ان فیصلوں پر عمل درآمد جمعرات سے غیرمعینہ مدت تک کے لیے ہوگا۔ 
اردنی وزیراعظم نے حکم جاری کرکے کہا ہے کہ جمعرات کو رات دس سے ہفتے کو صبح چھ بجے تک پورے ملک میں کرفیو رہے گا تاہم جمعے کی نماز کے لیے ایک گھنٹے کا وقفہ ہوگا۔ لوگ گھروں سے جامع مسجد پیدل آجاسکیں گے۔
حکومت نے ایک فیصلہ  یہ بھی کیا ہے کہ سرکاری اداروں میں صرف پچاس فیصد ملازم ڈیوٹی دیں گے اس پر عمل درآمد اتوار سے ہوگا۔ 

شیئر: