Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 6: ملتان سلطانز کو پہلی کامیابی مل گئی

محمد رضوان نے 27 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ (فوٹو: ٹوئٹر پاکستان سپر لیگ)
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ سیزن چھ کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
ملتان سلطانز نے 158 کا ہدف محمد رضوان اور صہیب مقصود کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 22 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ صہیب مقصود 61 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
 ملتان سلطانز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو کرس لِن شاہین شاہ آفریدی کی تیسری بال پر ہی بولڈ ہو گئے۔
 
ملتان سلطانز کو دوسرا نقصان جیمز وینس کا اٹھانا پڑا جو پانچ رنز بنا کر سمٹ پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ تاہم اس دوران محمد رضوان کی جارحانہ بلے بازی جاری رہی اور انہوں نے چوکوں کی برسات کر دی۔
محمد رضوان نے 27 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ وہ 76 رنز کی شاندار اننگز کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

محمد حفیظ نے 27 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ (فوٹو: پاکستان سپر لیگ)

ان کے اور صہیب مقصود کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 110 رنز کی شراکت داری بھی بنی۔ لاہور قلندرز کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر ملتان سلطانز نے پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ لاہور قلندرز نے 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے۔ 
 
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز کا محتاط آغاز کیا۔ سہیل اختر کچھ خاص نہ کر سکے اور 12 گیندوں پر سات رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہیں کارلوس بریتھ ویٹ نے آؤٹ کیا۔
اس سے اگلے اوور میں نوجوان فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے فخر زمان کو آؤٹ کر دیا، وہ صرف نو رنز ہی بنا پائے۔ اس کے بعد جو ڈینلی اور محمد حفیظ نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان 89 رنز کی شراکت داری بنی۔ 

سہیل اختر سات رنز بنا کر کارلوس بریتھ ویٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جس کے بعد جو ڈینلی 31 رنز بنا کر کارلوس بریتھ ویٹ کا نشانہ بنے۔ اس کے فورا بعد بین ڈنک کو عثمان قادر نے آؤٹ کر دیا۔ وہ صرف ایک سکور بنا پائے۔
جبکہ محمد حفیظ کی جانب سے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے 27 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔
محمد حفیظ 61 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ لاہور قلندرز کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیوڈ ویز تھے، وہ شاہنواز دھانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جبکہ سمٹ پٹیل 26 اور شاہین شاہ آفریدی تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ہیں۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی نے دو وکٹیں حاصل کی۔
پی ایس ایل کے رواں سیزن میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان یہ پہلا ٹاکرا ہے۔

آج کے میچ میں دونوں ٹیموں نے اپنے سکواڈ میں تبدیلیاں کی ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر پی سی بی)

لاہور قلندرز نے اب تک دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں ہی جیتے ہیں جبکہ ملتان سلطانز نے بھی دو میچ کھیلے ہیں لیکن اس نے دونوں میچز ہارے ہیں۔
لاہور قلندرز نے پہلا میچ پشاور زلمی سے اور دوسرا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے جیتا ہے۔
آج کے میچ میں دونوں ٹیموں نے اپنے سکواڈ میں تبدیلیاں کی ہیں۔
لاہور قلندرز نے جو ڈینلی اور سلمان مرزا کو شامل کیا ہے جبکہ ملتان سلطانز نے سہیل تنویر کی جگہ سہیل خان کو موقع دیا ہے۔
لاہور قلندرز: فخر زمان، سہیل اختر (کپتان)، جو ڈینلی، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمٹ پٹیل، ڈیوڈ ویز، احمد دانیال، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔
ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، کرس لِن، جیمز وینس، رائلی روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، کارلوس بریتھویٹ، شاہد آفریدی، سہیل خان، عثمان قادر، شاہنواز دھانی۔

جو ڈینلی 31 رنز بنا کر کارلوس بریتھ ویٹ کا نشانہ بنے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ میچز اور نیٹ رن ریٹ کے حساب سے پہلے نمبر پر ہے۔ اس نے اب تک چار پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ جبکہ ملتان سلطانز آج اپنی پہلی کامیابی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔
لاہور قلندرز دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے بھی چار پوائنٹس ہیں لیکن اس رن ریٹ اسلام آباد یونائیٹڈ سے کم  ہے۔ کراچی کنگز تیسرے، پشاور زلمی پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھٹے نمبر پر ہے۔

شیئر: