Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹائیگر وڈز کی حالت بہتر ’مشکل وقت میں ساتھ دینے کا شکریہ‘

منگل کے روز لاس اینجلس میں ٹائیگر وڈز کی گاڑی الٹ گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
کار حادثے میں زخمی ہونے والے عالمی شہرت یافتہ امریکی گالفر ٹائیگر وڈز کی حالت میں بہتری آئی ہے اور ان کا علاج دوسرے روز بھی سیڈارس سینائی میڈیکل سنٹر میں جاری ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق 15 بار چیمپیئن بننے والے ٹائیگر وڈز منگل کے روز جنوبی لاس اینجلس میں اکیلے اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ اچانک ان کی گاڑی سینٹر میڈین سے ٹکرا کر توازن کھو بیٹھی اور درخت سے ٹکرانے کے بعد کئی قلابازیاں کھاتے ہوئے الٹ گئی۔
حادثے کے نتیجے میں ان کی ٹانگ پر گہرے زخم آئے تھے اور ہاربر میڈیکل سنٹر میں ان کی سرجری ہوئی تھی۔ گولف چیمپیئن کو بدھ کی رات سیڈراس سینائی منتقل کیا گیا تھا۔
ٹائیگر وڈز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی ایک ٹویٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’ٹائیگر اور ان کی فیملی ان تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے اس مشکل وقت میں ساتھ دیا اور پیغامات بھیجے۔‘
جمعے کے روز تک معلوم نہیں ہو سکا تھا کہ لاس اینجلس کے مشرق میں واقع امیر لوگوں کے علاج کے لیے مشہور سیڈارس سینائی میں جاری ان کے علاج کی نوعیت کیا ہے۔
ٹائیگر وڈز کی ٹانگ میں راڈ ڈالنے اور ٹخنے میں پیچ لگانے سمیت دیگر علاج بھی کیا گیا ہے۔
لاس اینجلس کے شیرف ویلانویوا کا کہنا ہے کہ ووڈز پر کار کریش کے حوالے سے کوئی چارج نہیں لگایا جائے گا۔
ان کے بقول ’یہ ایک حادثہ ہی تھا اور حادثہ جرم نہیں ہے، بدقسمتی سے حادثے ہوتے ہیں۔‘
وڈز نے جیک نیکلاس کے بعد بڑی چیمپیئن شپ جیتی تھی انہوں نے 82 پی جی اے ٹور فتوحات حاصل کیں جو ایک ریکارڈ ہے۔

شیئر: