Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کی خدمات کے اعتراف میں عرب جدوجہد شیلڈ

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نےشیلڈ سعودی وزیر خارجہ کے حوالے کی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل ابو الغیط  نے سعودی ولی عہد کو عرب دنیا کی تعمیر و ترقی کے لیے جدوجہد اور سعودی عرب کے لیے ان کی کاوشوں کے اعتراف میں عرب جدوجہد شیلڈ پیش کی ہے۔
العربیہ کے مطابق ابو الغیط نے سعودی ولی عہد کے لیے شیلڈ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے حوالے کی ہے۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان پوری امت کے لیے محنت کررہے ہیں، سعودی ولی عہد صاحب فراست رہنما ہیں۔ 

عرب لیگ کا کہنا ہے کہ یمن میں قیام امن کا واحد راستہ سیاسی حل ہے(فوٹو ایس پی اے)

دریں اثنا عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا ہے کہ تمام عرب ممالک حوثیوں کے حملے روکنے کے سلسلے  میں سعودی عرب کے حق کی حمایت کرتے ہیں-  وہ بدھ کو عرب وزرائے خارجہ کے 155 ویں سیشن کے اجلاس سے قاہرہ میں خطاب کررہے تھے-  
العربیہ نیٹ کے مطابق ابو الغیط نے کہا کہ عرب لیگ7 فروری 2021 سے مارب محاذ پر حوثیوں کے منظم جارحانہ حملے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ حوثی مارب پر قبضے اور اس کے قدرتی وسائل لوٹنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 
ابو الغیط نے کہا کہ حوثیوں کے حملوں کی وجہ سے دسیوں ہزار یمنی مارب سے فرار ہوگئے۔ مارب دس لاکھ سے زیادہ گھر سے بے گھر یمنی شہریوں کی پناہ گاہ بنا ہوا تھا۔ 
انہوں نے کہا کہ حوثی ایرانی نظام کے اشاروں پر گرما گرمی پیدا کررہے ہیں۔ ایران، یمن کے بحران کو مذاکرات کے پتے کے طور پر استعمال کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اسے یمنی شہریوں کی زندگی کو لاحق ہونے والے سنگین مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ 
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ حوثی اور ان کی پشت پناہی کرنے والے یمن میں بدترین انسانی بحران کے ذمہ دار ہیں۔ یہ سعودی عرب پر ڈرونز اور میزائل حملے کررہے ہیں- ہم ان کی مذمت کرتے ہیں۔ 
ابو الغیط نے اس امر کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب کو خود کے دفاع کا حق ہے جبکہ یمن میں قیام امن کا واحد راستہ سیاسی حل ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2216 یمنی بحران کا حل ہے۔ 
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حوثی تمام محاذوں پر جنگ فورا بند کردیں تاکہ تمام فریقوں پر مشتمل ٹھوس مذاکرات شروع  کیے جاسکیں اور مشترکہ یمن میں سب کے لیے جگہ ہو۔ 

شیئر: