Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: ’کہاں، کب اور کیا غلط ہوا، آزادانہ تحقیقات کرائیں گے‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پی ایس ایل 6 کے ملتوی ہونے پر کہا ہے کہ کہاں کب اور کیا غلط ہوا، اس کی آزادانہ تحقیقات کرائیں گے۔
جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان نے پی ایس ایل 6 کے ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان سپر لیگ کو نئی تاریخوں تک ملتوی کیا جاتا ہے۔‘
بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی کے حوالے سے پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ’ کوئی بھی کام کامیاب اس وقت ہوتا ہے جب ہر کوئی ایک پیج پر ہو۔ ہم تحقیقات کی گہرائی تک جائیں گے،نقصان سب کا ہے۔ کہاں کب اور کیا غلط ہوا یہ دیکھنا بہت ضروری ہے۔‘
تحقیقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ہم بورڈ آف گورنر سے بات کر کے آزادانہ تحقیقات کرائیں گے۔‘
وسیم خان نے نے پی ایس ایل 6 کے ملتوی ہونے کے حوالے سے کہا کہ ’ہمارے لیے یہ ایک مشکل دن ہے۔ ہمارے لیے بڑی مایوسی کی بات ہے کہ جو ہمیں کرنا تھا وہ نہ کر سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہماری ذمے داری تھی کہ پلیئرز کی صحت کیلئے بہترین حفاظتی اقدامات کریں۔ ہماری اب اولین ترجیح یہ ہے کہ پلیئرزکو صحتمند اندازمیں گھر بھجوائیں۔‘

وسیم خان کا کہنا ہے ہماری اب اولین ترجیح یہ ہے کہ پلیئرزکو صحتمند اندازمیں گھر بھجوائیں۔ (فوتو: پی ایس ایل)

پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے حوالے سے وسیم خان نے کہا کہ ’ کھلاڑیوں کا کورونا میں مبتلا ہونا ہر کسی کے لیے تشویش کی بات تھی۔ اس سے اعتماد متاثر ہوا، دوبارہ اعتماد حاصل کرنے کے لیے ہمیں محنت کرنا ہو گی۔
لیگ کے ملتوی ہونے کی وجہ سے ہونے والے نقصان پر انہوں نے کہا کہ ’سب کا بہت نقصان ہوا ہے۔ فرنچائز نے بہت سارے پیسے لگائے ہر کسی کا وقت لگا لیکن اصل مسئلہ پلیئرز کی دستیابی ہو گا۔‘
کانفرنس کے دوران وسیم خان سے جب سوال پوچھا گیا کہ کیا وہ ذمہ داری لیتے ہوئے استعفیٰ دیں گے؟ تو انہوں نے کہا کہ ’تحقیقات پی سی بی نہیں کرے گا بلکہ اس کے لیے چیئرمین بورڈ ممبران کے مشورے سے آگے کا قدم اٹھائیں گے۔ جب اس کی سفارشات سامنے آئیں گی تو اس کے بعد ہی باقی کے معاملات دیکھیں گے۔‘

پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس ایونٹ کے باقی میچز مکمل کر لیے جائیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے حوالے سے پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ اس ایونٹ کے باقی میچز مکمل کر لیے جائیں گے۔ کرکٹ شیڈول میں لیگ کے لیے وقت کا تعین کرنا ہوگا تو کر لیں گے، یہ مسئلہ نہیں ہے۔‘
کھلاڑیوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے وسیم خان نے کانفرنس میں بتایا کہ ’کھلاڑیوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ہر کھلاڑی کو 30 منٹ کے وقفے سے ویکیسن لگائی جا رہی ہے۔‘
پی سی بی چیف ایگزیکٹو کا مزید کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ اس واقعے سے پاکستان کرکٹ کا نقصان کم سے کم ہو۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 6 کا آغاز 20 فروری کو ہوا تھا  اور اب تک کُل 14 میچ کھیلے جا چکے ہیں جبکہ فائنل سمیت ابھی 20 میچز باقی تھے۔ 

شیئر: